گول// گول میں منگل کو نیشنل کانفرنس کی جانب سے ماہانہ میٹنگ کا انعقاد ہوا جس کی صدارت ضلع صدر و ڈی ڈی سی چیئر پرسن ضلع رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کی جبکہ اس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبر چوہدری سخی محمد کے علاوہ سب ڈویژن گول کے پارٹی کار کنان بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر سب ڈویژن گول میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ہاتھ میں لئے گے کاموں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہوا ہے اور منریگا کا کام کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ اس موقعہ پر ڈگری کالج گول کی عمارت پر رُکے کام کو جلد از جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور سب ڈویژن گول میں بہت ساری سڑکوں پر رکے کام کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں شفافیت لانے اور غریب عوام کے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا ۔ ڈاکٹر شمشادہ شان نے اس موقعہ پر پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز مرکزی وزیر کی آمد سنگلدان جہاں ایک خوش آئند قدم ہے لیکن یہا ں پر عام لوگوں کے ساتھ اُن کی ملاقات جس طرح سے روسٹر بنایا گیا تھا وہ کافی مایوس کن رہا کیونکہ عام لوگوں کے اجتماع سے وہ دور ہی رہے جس وجہ سے نہ ہی لوگ اُن کو سن سکے اور نہ ہی وہ لوگوں کو سن سکے جس وجہ سے مسائل جوں کے توں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کو ایک یاداشت پیش کی گئی جس میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے علاوہ یہاں زمینداروں کو جو نقصان ہوا ہے اُس کی بھر پائی ، کٹرہ بانہال ریلوے لائن پر مختلف جگہو ں پر ریلوے اسٹاپ کی مانگ ، د یگر ریلوے لائنوں و میٹرو بسیں شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ انہوں نے اس موقعہ پرپارٹی ورکروں سے کہاکہ وہ لوگوں کے مسائل اُجا گر کریں اور ان کو حل کرنے میں کلیدی رول ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک پارٹی نہیں بلکہ یہ ایک تحریک ہے پارٹی میں کسی کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا پارٹی اگر عوام کے لئے کام کرتی ہے تو عوام پارٹی کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں ۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ ہر جگہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔