کنگن//وانگت کنگن کے لاپتہ نوجوان کی لاش 37 روز کے بعد ناراناگ سے برآمد کی گئی۔ وانگت کنگن کے تین نوجوان جن کی شناخت سہیل احمد میر ولد عبدالاحد میر، اعجاز احمد رینہ ولد غلام حسن رینہ، جاوید احمد میر ولد غلام نبی میر ساکن وانگت کنگن 2مئی کو ناراناگ میں مچھلی پکڑنے کے غرض سے گئے ہوئے تھے ،جہاں پر جاوید احمد میر لاپتہ ہوگیا تھا جس کے بعد مذکورہ نوجوان کے دو ساتھیوں نے اس کے گھر والوں کو بتایا کہ جاوید احمد پر ریچھ نے حملہ کیاہے جس کے بعد مذکورہ نوجوان کے لواحقین نے اس بارے میں کنگن پولیس کو مطلع کیا اور پولیس نے لواحقین اور مقامی لوگوں ،ایس ڈی آر ایف کی مددسے لاپتہ نوجوان کی تلاش شروع کی لیکن اس کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں ملا۔ ذرائع کے مطابق آج صبح جب تلاش کے دوران مذکورہ لاپتہ نوجوان کے رشتہ داروں نے گرو نالہ ناراناگ میں ایک لاش کو دیکھا، تو انہوں نے کنگن پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد پولیس مقامی لوگوں کے ہمراہ جائے واردات کی طرف روانہ ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان کے گھر والوں نے اس کی شناخت کی ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سب ڈسٹرک ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ پولیس نے دو نوجوانوں جو اس وقت مذکورہ لاپتہ نوجوان کے ساتھ تھے ،کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا ہے۔ اس دوران وانگت کنگن میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، تاکہ کوئی خوشگوار واقع پیش نہ آیا۔