عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے کل پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری و رکنِ راجیہ سبھا چودھری محمد رمضان، رکنِ راجیہ سبھا سجاد احمد کچلو اور ایم ایل اے سرنکوٹ چودھری محمد اکرم نے گپکار روڈ واقع اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ لیڈران نے صدرِ نیشنل کانفرنس کو پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، مختلف عوامی پروگراموں، اپنے اپنے حلقوں میں جاری تعمیر و ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل، مشکلات اور مطالبات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ فاروق عبداللہ نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دیں اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے میدان میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس عوامی حقوق کے تحفظ، تعمیر و ترقی اور جموں و کشمیر کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ادھرعیدگاہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو موجودہ حالات کے تناظر میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کشمیری عوام متحد ہوئے، انہوں نے ہر مشکل اور ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر کشمیر دشمن طاقتیں اپنے زرخرید، موقعہ پرست اور خودساختہ لیڈران کو سرگرم کرکے یہاں کے عوام کو گمراہ کرنے اور ان کے اتحاد کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہیں، لیکن باشعور عوام ان عناصر کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور جموں و کشمیر کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پوری سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کام کررہی ہے۔اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ڈانگر پورہ نرورہ جاکر وہاں فیصل احمد شاہ چشتی کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی، جن کی جواں سال اہلیہ انتقال کر گئیں۔