عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں جاری بڑے پیمانے پر سولرائزیشن منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ کی طرف سے نشاندہی کی گئی رُکاوٹوں کو دُور کرنے پر غوروخوض کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ پر زور دیا کہ میٹنگ میں زیر بحث لائے گئے معاملات پر مستقل اور نتیجہ خیز پیروی کی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے چیلنجوں سے نمٹنے کا واضح روڈ میپ تیار ہو چکا ہے۔
چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں قابلِ تجدید توانائی کے وسیع اِمکانات کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی کہ پی ایم گتی شکتی پورٹل پر نشاندہی کئے گئے مینی پارسلوں کا جامع جائزہ لیں اور مرکزی حکومت کے تعاون سے چلنے والے پروگراموں کے تحت میگا سولر پارکس کے قیام کے لئے ان کی موزونیت کا جائزہ لیں۔اُنہوں نے مشن موڈ میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی کہ اگلے چھ ماہ، ایک سال اور دو سال کے لئے قابلِ پیمائش اہداف مقرر کئے جائیں اور ہر مرحلے پر زمینی سطح پر نمایاں پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔شرکأ نے سرکاری عمارتوں میں ورچیول نیٹ میٹرنگ سسٹم کی تنصیب، ہر عمارت کے علیحدہ بِلنگ نظام کے بجائے محکموں کے لئے یونیفائیڈ بِلنگ سسٹم اَپنانے اورسولر منصوبوں ہموار عمل آوری کے لئے جہاں ضرورت ہو نئے بجلی کنکشن کی فراہمی پر بھی غور وخوض کیا گیا۔میٹنگ میں جموں و کشمیر میں میگا سکیل سولر پاور انفراسٹرکچر کی ترقی کے طویل مدتی روڈ میپ کا بھی جائزہ لیا گیااورزمین کی منتقلی، پاور پرچیز ایگریمنٹس(پی پی اے) اور فیڈر سیگریگیشن جیسے اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہواجو مستقبل میںسولر توانائی کے اثاثوںکے مؤثر اِنضمام اور اِستعمال کے لئے ضروری سمجھے جاتے ہیں۔