عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سشسترا سیما بل (ایس ایس بی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سنجے سنگھل نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر میں تعینات فورس کی آپریشنل تیاریوں اور نقل و حرکت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 26 بلٹ پروف گاڑیوں کے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ڈی جی کے اس دورے کے دوران ڈپٹی انسپکٹر جنرل ایس ایس بی (سری نگر) امتیاز اسماعیل پرے، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی، جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران، اور ایس ایس بی کی مختلف یونٹوں کے کمانڈنٹس اور ایڈہاک کمانڈنٹس بھی موجود تھے۔
ایس ایس بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فورس میں شامل کیے گئے اس نئے بیڑے میں دومارکس مین اور چار مائن پروٹیکٹڈ بلٹ پروف(ایم وی بی پی) گاڑیاں شامل ہیں، جو فورس کی متعدد بٹالینز کے حوالے کی گئی ہیں۔ڈی جی سنجے سنگھل نے کہا کہ ان جدید گاڑیوں کی شمولیت سے جموں و کشمیر میں چیلنجنگ حالات کے دوران فورس کی آپریشنل کارکردگی، نقل و حرکت اور جوانوں کی محفوظ آمد و رفت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کو جدید ترین انفراسٹرکچر اور وسائل سے لیس کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
بعد ازاں، ڈی جی نے این آئی ٹی حضرت بل، سری نگر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آئندہ شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کی ڈیوٹی کے لیے سری نگر اور گاندربل اضلاع میں تعینات افسران اور ماتحت اہلکاروں سے ملاقات کی اوران سے بات چیت کی۔ انہوں نے سالانہ ڈیوٹی کی اس تعیناتی کے دوران قومی مفادات کے تحفظ کے لیے فورس کے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ڈی جی ایس ایس بی نے سری نگر کے دورے کے دوران 26بلٹ پروف گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا