سرینگر //محکمہ موسمیات اب جموں وکشمیر میں بروقت آندھی، طوفان ، ژالہ باری اور بادل پھٹنے کے واقعات سے 3گھنٹے قبل جانکاری حاصل کرے گی،کیونکہ جموں میں نصب Doppler Weather Radar Systemکی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اورآج اس کا باضابطہ طورپر افتتاح ڈاکٹر جتندر سنگھ کریں گے۔ موسم کی تازہ ترین جانکاری ،بادو باراں اور بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع کیلئے اپریل 2019میں اینڈ ٹو اینڈ پری ڈکشن سسٹم کی تنصیب کا کام جموں اور بانہال سمیت ملک کے 48علاقوں میں شروع کیا گیاتھا جس سے ممکنہ خطرات کی بروقت پیش گوئیوں کااعلان کرنے میں مدد ملے گی۔ انٹرگریٹڈ ہمالین میٹ پروجیکٹ کے تحت جموں وکشمیر میں 4ڈوپلر راڈار نصب کرنے کا منصوبہ تھا ۔ سرینگر کے رام باغ میں پہلے ہی یہ سسٹم نصب کیا گیا تھا او ر جموں کے راجندر نگر بن تلاب میں اب دوسرے ڈوپلر راڈار سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کیاگیا ہے ۔ اس سسٹم کی تنصیب کا کام رواں سال مارچ اپریل میں شروع ہوا تھا، لیکن کویڈ کی وجہ سے اس کے کام میں معمولی تاخیر ہوئی ،لیکن جولائی میں اس کی تنصیب مکمل کی گئی ۔ 15دن تک اس سسٹم کو ٹسٹنگ موڈ میں رکھا گیا ۔ اس کی تنصیب کا کام آسٹا مائیکرو ویلر نامی کمپنی نے انجام دیا اور اس کا سافٹ وئیر اور ہاڈ وائیر مکمل کیا گیا ۔ آج اس کا باضابطہ طور پر افتتاح مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ کریں گے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس کی تنصیب سے جموں وکشمیر میں محکمہ موسمیات کو بادباراں ، ژالہ باری ، آندھی اور بجلی گرنے کی مکمل اور بروقت جانکاری ملے گی ۔مختار نے بتایا کہ جموں کے کٹھوعہ، سانبہ اور دیگر آس پاس کے علاقوں کے لوگوں اور کسانوں کو اس کی تنصیب سے کافی مدد ملے گی اور موسم کی صورتحال کے بارے میں مکمل جانکاری ہو گی اور تین گھنٹے قبل موسم کے بارے میں جانکاری دی جا سکے گی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور ہماچل پردیش سے یہاں داخل ہونے والی مغربی ہواﺅں کا بھی پتہ اس رڈار سسٹم سے لگایا جا سکتا ہے ۔مختار نے مزید بتایا کہ سرکار نے سونہ مرگ اور اوڑی میں بھی ڈوپلر راڈار سسٹم نصب کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن محکمہ کو اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور اس کی جگہ اب بانہال میں اس کو نصب کیا جا رہا ہے جس کی تعمیر دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بانہال کی پہاڑی پر نصب اس سسٹم کےلئے بنیاد کافی مضبوط ہونی چاہئے اور اس کےلئے کافی سازسامان درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ لداخ میں بھی ایک ایسا ہی سسٹم نصب کیا جا رہا ہے جس کے بعد تینوں خطوں میں موسم کی بروقت جانکاری لوگوں کو دی جا سکتی ہے ۔