سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرکردہ دینی، سیاسی اور سماجی شخصیت سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوارخاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مرحوم کیلئے جنت میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہدانی نے گیلانی کی رحلت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ملی نقصان ہے۔ مولانا نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ان گنت ملی خدمات انجام دی ہیں ۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے یوتھ کوآرڈی نیٹر ( کشمیر )عارف لائیگرو نے سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لیے ابدی سکون کی دعا کی۔انہوں نے کہا ’’میں ان کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے‘‘۔