پونچھ //چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ریاسی کی2 جواں سال جڑواں بیٹیاں چندی گڑھ میں ایک المناک سڑک حادثہ کے دوران لقمہ اجل بن گئیں۔سابق ایم ایل اے پونچھ اعجاز جان کے بہنوئی سی جی ایم سید عدنان شاہ کی دو جڑواں بیٹیوں کو یہ حادثہ گذشتہ شب پیش آیا جب دونوں بہنیںچندی گڑھ جارہی تھیں۔ حادثے میں گاڑی میں سوار مزید 3لڑکیاں زخمی ہوئیں جن میں ایک کی حالت نازک ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سی جی ایم کی بڑی بیٹی زاویہ عدنان ملبورن آسٹریلیا میں پچھلے ایک سال سے قانون کی ڈگری حاصل کررہی ہے اور کووڈ کی وجہ سے گھر آئی ہوئی تھی۔ اسکی چھوٹی بہن اقصیٰ عدنان، بنگلہ دیش میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے کیلئے انٹر نس دینے چندی گڑھ جارہی تھی جس کا تحریری امتحان منگل کو لیا جانا تھا جس کا ایک امتحانی مرکز چندی گڑھ میں رکھا گیا تھا۔خاندانی ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں بہنیں پیر کی شام جموں سے چندی گڑھ کیلئے روانہ ہوئیں او جموں میں وہ ایک پرائیوٹ انووا گاڑی میں سوار ہوئیں، جس میں دونوں بہنوں کو پچھلی دو سیٹیں ملیں۔انہوں نے کہا کہ جونہی گاڑی چندی گڑھ شہر کے نزدیک رات کے دوران پہنچ گئی تو مخالف سمت سے ایک سکوٹی سوار کو بچانے کیلئے انووا ڈرائیور نے جونہی اچانک بریک لگائی تو پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹرالر نے انووا گاڑی کیو پیچھے سے زوردار ٹکر ماری اور گاڑی کو کئی سو میٹر تک گھسیٹ کر لیا۔اس حادثہ میں پچھلی سیٹ پر بیٹھیں دونوں بہنوں کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ گاڑی میں جموں سے تعلق رکھنے والی مزید 3لڑکیاں بھی زخمی ہوئیں جن میں ایک کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔دونوں بہنوں کی لاشوں کو منگل کی شام چنڈی گڑھ سے پونچھ ٹائون میں رات 9بجے لایا گیا جہاں اسلامیہ سکول احاطے میں انکی نماز جنازہ ادا کی گئی۔اس موقعہ پر ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ سی جے ایم کا تعلق پونچھ کے انتہائی اثر و رسوخ والے خاندان سے ہے ۔ انکے والد پونچھ کے معروف ایڈوکیٹ رہے ہین اور با ایسوسی ایشن کے صدر بھی تھے۔نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ریاسی کی دو بیٹیوںکے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔