سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے الگ بھگ چھ کلو میٹر کی دوری پر واقع سنئی گاوںکی مڈل پنچایت میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے رابطہ سڑک پر تین برس قبل تار کول بچھائی گئی تھی لیکن پانی کی نکاسی کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اب سڑک آہستہ آہستہ ٹوٹنا شروع ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو شدیدتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے بعد نالیاں تعمیر ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے بارشوں کا پانی سڑک کے اوپر سے بہتا رہا ہے او ر محکمہ کی اسی لاپرواہی کی وجہ سے اس وقت سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کا پہلا ایک کلو میٹر علاقہ مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مرکزی معاونت سے سڑک کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی تاکہ عوام کو فائدہ پہنچایا جاسکے لیکن بدقسمتی سے اب سڑک خراب ہوچکی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے لوگ خود سڑک کی نالیاں صاف کروانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے محکمہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلداز جلد سڑک کی مرمت اور دیکھ ریکھ کی جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔