عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آئندہ شری امرناتھ جی یاتراکوثر ناگ یاترا اور شری بڈھا امرناتھ یاترا کے پیش نظر ضلع پولیس لائنز ریاسی میں سبسڈری ملٹی ایجنسی سینٹر (ایس ایم اے سی) کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی صدارت سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریاسی نے کی۔ میٹنگ میں مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور یاتراؤں کے پْرامن اور محفوظ انعقاد کے لئے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پولیس، فوج، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، بی ایس ایف، جے کے اے پی، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دیگر سیکورٹی اداروں کے افسران شریک ہوئے، جبکہ ضلع ریاسی کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے ورچوئل طریقے سے میٹنگ میں حصہ لیا۔میٹنگ کے دوران مختلف افسران نے موجودہ سیکورٹی صورتحال، خطرات اور یاتراؤں کے دوران سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں امن و قانون کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات، او جی ڈبلیوز کی نگرانی، ہتھیار ڈال چکے جنگجوؤں اور لاپتہ نوجوانوں کی مانیٹرنگ، انتہا پسندی کی روک تھام اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس ایس پی ریاسی مکوند تیبریوال نے یاترا راستوں، حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سیکورٹی مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے چناب برج، انجی برج اور دیگر ریلوے انفراسٹرکچر کی حفاظت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مذہبی اور اسٹریٹجک مقامات کے اطراف باقاعدہ ایریا ڈومینیشن بڑھائیں، وقتاً فوقتاً موک ڈرلز منعقد کریں اور سرحدی و دور افتادہ دیہات کے عوام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھیں۔ایس ایس پی نے ویلج ڈیفنس گروپس کی تربیت اور فائرنگ پریکٹس کو بھی مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی ایچ کیو رہنما خطوط کے مطابق ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں کو پی آئی او کالز سے پیدا ہونے والے خطرات کے بارے میں بھی حساس رہنے کی ہدایت دی اور تاکید کی کہ کسی بھی حساس معلومات کو غیر ارادی طور پر افشا نہ کیا جائے۔میٹنگ کے دوران مختلف سیکورٹی تنصیبات کے نزدیک نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور ملکیت کی جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ یاترا راستوں پر ڈرون اور دیگر جدید نگرانی ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔یاترا سے متعلق خصوصی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایس ایس پی نے تمام اہلکاروں کو معیاری عملی طریقہ کارپر سختی سے عمل کرنے، تعینات اہلکاروں کی باقاعدہ بریفنگ اور عوامی مقامات پر حفاظتی ہدایات اور کیا ’کریں اور کیا نہ کریں‘ سے متعلق معلومات نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایس ڈی آر ایف اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو ممکنہ مانسون ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی بھی تاکید کی۔اس کے علاوہ، شری امرناتھ یاترا میں خدمات انجام دینے والے ریاسی کے گھوڑا مالکان اور پورٹروں کی مکمل کردار جانچ یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ایس ایس پی ریاسی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ سیکورٹی معاملات میں کسی قسم کی لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فعال پولیسنگ، مختلف ایجنسیوں کے درمیان مضبوط تال میل اور حقیقی وقت پر انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ ہی خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور یاتراؤں کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کی بنیاد ہے۔میٹنگ اختتام پذیر ہوئی تو تمام سیکورٹی ایجنسیوں نے ضلع ریاسی میں باہمی تعاون، تال میل اور سیکورٹی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔