محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام اور نشہ آور اشیاء سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کے مؤثر انسداد کے لئے ضلعی نارکو کوآرڈی نیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی جانب سے منشیات کے خلاف کیے گئے اقدامات، آگاہی مہمات، بحالی پروگراموں اور بین المحکماتی رابطہ کاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شفقت حسین بٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک، چیف میڈیکل آفیسر، ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر، چیف ایگریکلچر آفیسر، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اے آر ٹی او، تحصیلدار حویلی، تحصیلدار ہیڈکوارٹر، محکمہ جنگلات کے افسران، کالجوں کے پروفیسرز، ڈرگ انسپکٹر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ سب ڈویژنل مجسٹریٹس سرنکوٹ اور مینڈھر، متعلقہ تحصیلدار، ایس ڈی پی اوز اور ڈپٹی ایس پیز نے ورچوئل ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔
اجلاس کے دوران ضلع کی تمام سب ڈویژنوں میں منشیات سے متعلق سرگرمیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں اور انسدادی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ منشیات کے حساس اور نشاندہی شدہ علاقوں میں نگرانی اور گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں سب ڈویڑنل مجسٹریٹس نے اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کے خلاف جاری مہم، حساس مقامات کی صورتحال اور بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ پولیس حکام اور ڈرگ انسپکٹر نے درج مقدمات، چالانوں، لائسنسوں کی معطلی اور دیگر قانونی کارروائیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات، پولیس اور محکمہ مال کو مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھنگ کی غیر قانونی کاشت کو فوری طور پر تلف کرنے اور منشیات سے وابستہ سرگرمیوں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔اس موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شفقت حسین بٹ نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے خلاف مسلسل، منظم اور مؤثر کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور مربوط کوششوں کے ذریعے ضلع کو منشیات سے پاک بنانے اور نوجوانوں کو اس سماجی ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کریں۔