عظمیٰ نیوش سروس
پونچھ//ضلع پونچھ پولیس نے غیر قانونی کان کنی اور قدرتی وسائل کے غیر مجاز استحصال کے خلاف جاری مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے سرنکوٹ پولیس اسٹیشن کی مختلف ٹیموں کے ذریعے الگ الگ مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جن کے دوران دس گاڑیوں اور بھاری مشینری کو ضبط کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی غیر قانونی کان کنی کے خلاف ضلع بھر میں جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد ماحولیات کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔پولیس کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد سرنکوٹ پولیس نے اپنے دائرہ اختیار کے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکے اور تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران دریا کے کناروں اور دیگر حساس مقامات پر معدنیات کی غیر قانونی نکاسی اور ان کی غیر مجاز نقل و حمل میں مبینہ طور پر ملوث گاڑیوں اور مشینوں کی جانچ کی گئی۔کارروائی کے دوران مجموعی طور پر سات ڈمپر، ایک ٹپر، ایک جے سی بی مشین اور ایک پوکلین چین مشین کو ضبط کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تمام گاڑیاں اور مشینری دریائی علاقوں سے غیر قانونی طور پر ریت، بجری اور دیگر معدنیات نکالنے اور منتقل کرنے کے کام میں استعمال کی جا رہی تھیں، جو متعلقہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ضبطی کی کارروائی مکمل ہونے کے فوراً بعد محکمہ کان کنی کو باضابطہ طور پر اطلاع دے دی گئی تاکہ متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ محکمہ کان کنی اب معاملے کی جانچ کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔ضلع پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر قانونی کان کنی نہ صرف قدرتی وسائل کی لوٹ کھسوٹ کا باعث بنتی ہے بلکہ اس سے ماحولیات، دریاؤں کے قدرتی نظام، آبی حیات اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔ دریاؤں سے بے تحاشا معدنیات نکالنے کے نتیجے میں پانی کے بہاؤ کا قدرتی نظام متاثر ہوتا ہے، زمین کا کٹاؤ بڑھتا ہے اور پلوں، سڑکوں اور دیگر تعمیرات کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔پولیس نے واضح کیا کہ ضلع پونچھ میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور اس مقصد کے لیے مختلف علاقوں میں وقتاً فوقتاً خصوصی تلاشی مہم اور ناکہ بندی کی کارروائیاں کی جاتی رہیں گی تاکہ قدرتی وسائل کے غیر قانونی استحصال کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔ضلع پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کہیں غیر قانونی کان کنی، معدنیات کی غیر مجاز نقل و حمل یا کسی اور غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس چوکی کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب قانونی اقدامات کیے جا سکیں۔پولیس نے اپنے بیان کے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کے قدرتی وسائل کے تحفظ، قانون کی بالادستی برقرار رکھنے اور ماحولیاتی توازن کو محفوظ رکھنے کے لیے آئندہ بھی اسی طرح مؤثر اور مسلسل کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کا مکمل سدباب ممکن بنایا جا سکے۔