پونچھ//آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ حویلی نے یکم ستمبر 2021 کو ڈاک بنگلہ پونچھ میں پوشن ماہ 2021 مہم کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا جس کی صدارت آئی سی ڈی افسر پونچھ ڈاکٹر محمد تنویر نے کی۔ سی ڈی پی او جہانگیر خان نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب میں ائی سی ڈی کے سوپر وائزرس، آنگن واڑی کارکن،آشاورکرس اور دیگر عملہ نے شرکت کی۔ محکمہ کے تحصیل افسر نے اس دوران تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تعارفی نوٹ پڑھ کر سنایا ، بعد میں مہمان خصوصی ڈاکٹر تنویر نے سکیموں کے فوائد ، پوشن ابھیان اور PMMVY پر مکمل روشنی ڈالی۔ انہوں نے تمام فیلڈ افسران پر زور دیا کہ وہ پوری لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ اہل افراد کا احاطہ کیا جا سکے اور سکیموں کے فوائد ان تک پہنچائے جا سکیں۔ آخر میں بچوں ، نوعمر لڑکیوں ، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کی طرف سے متوازن غذا کے بارے میں آگاہی پھیلانے کیلئے ایک پوشن ریلی بھی نکالی گئی تاکہ ٹارگٹ گروپوں میں غذائیت کی کمی ، کم وزن اور خون کی کمی کو کم کیا جا سکے۔ ریلی ڈاک بنگلہ پونچھ سے شروع ہوئی اور ڈنگس پر اختتام پذیر ہوئی۔ادھر مینڈھر میں بھی پوشن ماہ کے تحت تاج النساء کاظمی سی ڈی پی او کی رہنمائی میں آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ مینڈھر میں آنے والی مختلف پنچایتوں میں پوشن ماہ کی ریلیاں نکالی گئیں۔ اس دوران حکومت کی طرف سے شروع کی جانے والی مختلف سکیموں کے بارے میں عام لوگوں کو آگاہ کیاگیا۔اس دوران حاملہ خواتین کو آئی سی ڈی ایس ڈیپارٹمنٹ کی پی ایم ایم وی وائی سکیم کے تحت رجسٹر کیا گیا .ان ریلیوں میں پی آر آئی اور آئی سی ڈی ایس کے عہدیداروں نے حصہ لیا۔تحصیل سیالکوٹ اور تحصیل منڈی میں بھی پوشن ماہ کے تحت تقریبات منعقد کر کے سرکاری سکولوں کی عوام کو جانکاری فراہم کی گئیں۔ اس سلسلہ میں ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے بفلیاز بلاک میں قومی غذائیت مشن کے زیر تحت یک روزہ آگاہی مہم چلائی گئی ۔اس موقعہ پر آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ بفلیاز نے سرپنچ پنچایت حلقہ بفلیاز بی طاہرہ تبسم کی صدرات میں ایک ریلی کا اہتمام کیا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران عوام کومرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کی گئی ۔تحصیل صدر مقام منڈی پر آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ منڈی کی جانب سے پوشن ماہ کے تحت ایک ریلی نکالی گئی جس میں آنگن واڑی ورکروں ہیلپروں اور سپروائزر واں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر بی ڈی سی منڈی شمیم احمد گنائی نے ریلی کو ہری جھنڈی دیکھا کر تحصیل کمپلیکس منڈی سے روانہ کیا جو کہ ہائر سکنڈری سکول بوئز منڈی میں جا کر اختتام پذیر ہوئی۔واضح رہے کہ ہر سال آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ منڈی کی جانب سے ستمبر ماہ کو پوشن ماہ کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں مختلف قسم کی تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی پروجیکٹ کی جانب سے ستمبر ماہ کو اسی طرح منانے کا اہتمام کیا گیا ہے اور بدھ ماہ کی پہلی تاریخ کو اسی سلسلے میں تحصیل کمپلیکس منڈی سے ایک ریلی نکالی گئی جس کا مقصد عوام کو پوشن ابھیان سکیم کے حوالے سے مکینوں کو بیدار کرنا ہے ۔پروجیکٹ کی سپر وائزر تعظیم اختر اور شانا بیگم نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد عوام میں اپنے بچوں اور پورے خاندان کے تئیں بہتر خوراک کے بارے جانکاری دینا تھا۔