جموں //کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے پنڈتوں کی گھر واپسی کے بغیر کشمیر اور کشمیریت کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہاکہ وادی میں ان کی بازآبادکاری ، سلامتی اور جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے ۔روپ نگر میں کانگریس کمیٹی کے مہا جرین سیل کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے میرنے کہاکہ کشمیر پنڈت ریاست کی ثقافت وتمدن اور یاریخ کا ایک اہم حصہ ہیں جن کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔غلام احمد میر نے کہاکہ کانگریس پارٹی کو ریاست میں مضبوط کرنے کیلئے کشمیر پنڈتوں نے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے سابقہ یوپی اے حکومت کی جانب سے پنڈتوں کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات پر بولتے ہوئے کہاکہ ریاست میں مہاجرین پنڈتوں کو ریلیف و باز آباد کاری کے سلسلہ میں کانگریس کی سابقہ حکومتوں نے اہم کام کئے ہیں ۔اپنے خطاب میں رمن بھلہ نے کہاکہ کشمیر پنڈتوں نے ہمیشہ کانگریس پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کیا ہے تاہم سابقہ پی ڈی پی اور بھاجپا حکومت نے مہاجرین کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا ۔انہوں نے تفریق پسند طاقتوں سے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی ملک میں امن و امان اور آپسی بھائی چارے کیساتھ کھلواڑ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے گی ۔میٹنگ میں مہاجرین سیل کے چیئر مین ہیرا لعل پنڈتا ودیگران بھی موجود تھے ۔