عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں-سرینگر قومی شاہراہ مسلسل بند رہنے کے باعث مسافروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر شمالی ریلوے نے جمعرات کے روز سرینگر اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان ایک خصوصی ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
موصول سرکاری مراسلے کے مطابق، کمرشل کنٹرول جموں کی درخواست پر یہ خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شاہراہ پر ٹریفک کی سست روی اور پابندیوں کے باعث مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی ٹرین شام 5 بجے سرینگر سے روانہ ہوگی اور بانہال کے راستے رات 8 بج کر 15 منٹ پر کٹرا پہنچے گی۔ واپسی کے سفر میں یہ ٹرین 24 جولائی کو صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کٹرا سے روانہ ہو کر 11 بج کر 50 منٹ پر سرینگر پہنچے گی۔حکام کے مطابق یہ خصوصی ٹرین دونوں سمتوں میں بانہال اور کٹرا کے درمیان بغیر کسی اسٹاپ کے چلائی جائے گی اور اس کے لیے آٹھ کوچوں پر مشتمل میمو (MEMU) ریک استعمال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جموں-سرینگر قومی شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور مختلف مقامات پر سڑک کے کٹاؤ کے باعث بند ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر راستے میں پھنس گئے ہیں۔
جموں سرینگر شاہراہ بندش کے پیش نظر ریلوے کی جانب سے سرینگر-کٹرہ خصوصی ٹرین چلانے کا اعلان