جموں//پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈُلو نے ریاست میں قومی صحت مشن کے تحت عملائے جارہے کئی پروگراموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم بھوپندر کمار، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سمیر متو، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر قنیز ڈولما اور متعلقہ محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔مشن ڈائیریکٹر این ایچ ایم نے ریاست میں عملائے جارہے میٹرنل ہیلتھ، چائلڈ ہیلتھ ، آر بی ایس کے، آشا، این یو ایچ ایم، آر کے ایس کے اور کئی دیگر پروگراموں اور سکیموں کی عمل آوری کے حوالے سے تفصیلی خاکہ پیش کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے آشا ورکروں اور مستحقین کو جے ایس وائی کے تحت وقت پر رقومات کی ادائیگی کی ہدایت دی۔انہوں نے ریاست میں ایس این سی یواور ڈی ای آئی سی کو فوری طور سے چالو کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ریاست میں نوزائد بچوں کی دیکھ ریکھ کے نظام کو مستحکم کرنے کے حوالے سے پرنسپل سیکرٹری نے ضلع سطح پر نوزائد بچوں کے یونٹوں میں وینٹی لینٹر نصب کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ان بچوں کومختلف اضلاع سے ریاست کے بڑے ہسپتالوں میں علاج و معالجہ کے لئے رجوع نہ کرنا پڑے۔پرنسپل سیکرٹری نے ریاست کے پانچ ضلع ہسپتالوں میں رواں برس کے آخر تک این کیو اے ایف سرٹیفکیشن عمل میں لانے کی ہدایات دیں ۔ ان ہسپتالوں میں گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر، ضلع ہسپتال اودہمپور، ضلع ہسپتال لیہہ، ضلع ہسپتال بارہ مولہ اور ضلع ہسپتال اننت ناگ شامل ہیں۔