مینڈھر //پنچایت کلر موڑھ میں قائم کردہ گور نمنٹ پرائمری سکول کلہ کی عمارت گزشتہ 19برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر 2002میں شروع کی گئی تھی لیکن لینٹر ڈالنے کے بعد اس عمارت کو مکمل کرنے کیلئے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا اور اب دیواریں بھی منہدم ہو نا شرو ع ہو گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سکول میں اس وقت چالیس سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کیلئے حکام کی جانب سے محض دو ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں لیکن سکول میں بچوں کیلئے بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے سکول کا تعلیمی نظام ہی مفلوج ہو کررہ گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پنچایت کی وارڈ نمبر گیارہ میں تعمیر کردہ سکول میں جگہ کی قلت کی وجہ سے سٹا ف خراب موسم کے دوران بچوں کو چھٹی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں لیکن اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ سے متعدد مرتبہ رجوع کرنے کے باوجود بھی عمارت کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین و معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی تعمیر میں ہوئی تاخیر وہ محکمہ کی غیر سنجیدگی کا نوٹس لے کر متعلقہ ٹھیکیدار و محکمہ کے آفیسران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کے بچوں کو معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔