جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات سے قبل ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد کر وائے جائیں ۔جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام سے ان کا جمہوری حق نہیں چھینا جاسکتا جبکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے اپنا رول ادا کرئے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں پہلے چھ ماہ تک گورنر رول اور اب صدر راج نافذ ہو نے سے عوام کے مسائل کا لگا تار اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔موصوف نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق کسی بھی ریاست میں اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد چھ ماہ کے اند ر ہی دوبارہ سے انتخابات منعقد کئے جانے چاہیے لیکن ریاست میں اس حکم نامے کو یکسر نظرانداز کیا جارہاہے ۔پنتھرز لیڈر نے کہاکہ’ اگر ریاست میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کروائے جاسکتے ہیں تو اسمبلی انتخابات کو غیر ضروری طورپر تعطیل کا شکار کر نے جمہور یت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کے عمل کے خلاف ہے ۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں جلداز جلد اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں تاکہ عوام کو جمہوری طرز کی حکومت میسر ہو سکے ۔