ٹوکیو//ہندوستان کے پروین کمار نے ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے ٹی 64 مقابلے کے فائنل میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔وہ اس میچ میں طلائی تمغہ جیتنے سے چوک گئے۔ نوئیڈا کے رہنے والے پروین نے مردوں کے ٹی 64 ہائی جمپ مقابلے میں 2.07 میٹر کی چھلانگ لگائی اور دوسرے نمبر پر رہے۔ برطانیہ کے بروم ایڈورڈس جوناتھن نے 2.10 میٹر کی چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ پولینڈ کے لیپیاٹو ماسییزو نے 2.04 میٹر کی جمپ کے ساتھ کانسہ جیتا۔ پروین اس مقابلے میں طلائی تمغہ سے محروم ہوگئے۔ ایک وقت وہ گولڈ میڈل جیتنے کی ریس میں برقرار تھے لیکن برطانیہ کے بروم ایڈورڈس نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا جس کے بعد ہندوستانی ایتھلیٹ کو چاندی کے تمغے سے اکتفا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے ٹوکیو پیرالمپکس میں اب تک 11 تمغے جیتے ہیں۔ جس میں دو طلائی ، چھ چاندی اور تین کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ پروین کی اس شاندر کامیابی پر وزیراعظم نریندر مودی نے پروین کمار سے بات کر کے چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے بھی ٹوکیو پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر پروین کمار کو مبارکباد دی ہے۔ یواین آئی
صدر ، وزیر اعظم اور وزیر کھیل نے | پروین کمار کو چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی
نئی دہلی //صدر رام ناتھ کووند ، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے جمعہ کو ٹوکیو پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر پروین کمار کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ مسٹر کووند نے جمعہ کو ٹویٹ کیا ، "پیرا اولمپکس میں پروین کمار کی متاثر کن کارکردگی۔ ایک نئے ایشیائی ریکارڈ کے ساتھ مردوں کی اونچی چھلانگ میں آپ کا چاندی کا تمغہ حاصل کرنا ہر کھیل سے محبت کرنے والے ہندوستانی کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ آپ کی کامیابی تمام ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو متاثر کرے گی۔ دل سے مبارکباد۔ آپ نئی بلندیوں کو حاصل کرتے رہیں۔ وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق مسٹر مودی نے پروین کمار سے بات کر کے انہیں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پروین کمار کی محنت اور ان کے کوچ اوراہل خانہ کی جانب سے ملے تعاون کی بھی تعریف کی۔پروین کمار نے نیک خواہشات اور مبارکباد کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے پروین کمار کو مبارکباد دی ہے۔ مسٹر ٹھاکر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پروین کمار کو ٹوکیو پیرالمپکس میں ہندوستان کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے 'سلور میڈل' جیتنے پر مبارکباد۔ مسٹر کمار نے 2.07 میٹر کی چھلانگ کے ساتھ نیا ایشیائی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ہندوستان کے لیے اس پیرالمپکس سے بہتر کچھ نہیں۔یو این آئی