ٹنگمرگ // ٹنگمرگ کو ضلع بارہمولہ سے جوڑنے والا اہم رابط پل آٹھ سال سے تشنہ تکمیل ہے جو پی ایم جی ایس وائی محکمہ کی نگرانی میں تعمیر ہورہا ہے۔ محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے ہوم کے مقام پرکام ادھورا چھوڑ کر تقریباً ساٹھ دیہات کے لوگوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔مقامی لوگوںنے کہاکہ آٹھ سال قبل پشیو نالے میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے کھئی پورہ کو ٹنگمرگ سے جوڑنے والا پل تباہ ہوگیا جس کے بعد محکمہ آر اینڈ بی نے متبادل کے طور ایک ڈائیورشن تیار کیا جو ہر سال پانی کے ریلوں میں ڈہہ جاتا ہے ۔حکومت نے عوام کی مانگ پر شیخ پورہ ٹنگمرگ سڑک کی کشادگی اور ہوم پل کو تعمیر کرنے کاکام محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو تفویض کیاتاہم گزشتہ آٹھ سال سے یہ پل مکمل نہیں ہو رہاہے جس کی وجہ سے ساٹھ دیہات کے لوگ متبادل روٹ استعمال کرکے بارہمولہ پہنچتے ہیں۔ کھئی پورہ کے ساتھ کریری، شیخ پورہ اورککوتھل کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے پل کاادھورا کام فوری طور مکمل کرنے کی مانگ کی۔