سرینگر//وادی کے میدانی علاقوںمیں بارشیں اور بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔اتوار کی شب وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بار شیں ہوئیں۔پیر علی الصبح وادی بھر میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جو کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ پھر بارش کا سلسلہ تھم گیا۔ دوپہر بعد بارشوں کا سلسلہ قریب 2 گھنٹے تک ایک بار پھر جاری رہا جس کیساتھ ہی تیز ہوائیں چلیں۔لیکن بعد میں ہلکی دھوپ نکل آئی اور موسم تبدیل ہوا۔ہلکی بارشوں کا سلسلہ وادی کے کیء علاقوں میں جاری رہا۔گلمرگ اور پہلگام کے بالائی علاقوں چندن واڑی ، آڑو، شیشی ناگ ، مہاگنس ٹاپ ، پسوٹاپ اور گپھا کے ارد گرد ہلکی برفباری ہوئی جبکہ کولگام کے دنیو کنڈی مرگ اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہوئی ۔ سنتھن ٹاپ،کوکرناگ،وائیلو اور کپرن کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری اور بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دوران شب وادی کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوئی۔30 مارچ کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں تاہم بعد ازاں 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔