واشنگٹن //امریکی ریاستوں نیوجرسی، نیویارک اور پنسلوانیا میں آئیڈا طوفان کے باعث سیلاب آنے سے بڑی تباہی آگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق کئی ریاستوں میں مختلف حادثات کے دوران 48افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ نیو جرسی کے گورنر فل مرفی کا کہنا ہے کہ ریاست میں 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر نیو یارک شہر کے حکام نے 13 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پنسلوانیا میں بھی 5 افراد کی موت ہوئی ہے۔ صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں نیویارک اور نیوجرسی کوآفت زدہ ریاستیں قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارے نیویارک اور نیو جرسی کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ سیلاب کے باعث ہوائی اڈوں پر سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں، جب کہ متاثرہ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ طوفان آئیڈا امریکا کے مرکزی علاقوں تک آنے والا تاریخ کا پانچواں شدید ترین سمندری طوفان ہے۔