حلف برداری آج،وزیر اعظم سمیت پارٹی کے سرکردہ رہنما شریک ہونگے
عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر کے عہدے کے لیے نِتِن نبین بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ نِتِن نبین کے حق میں 37سیٹوں سے نامزدگیاں داخل کی گئیں۔جبکہ ان کے مقابلے میں کوئی اور نامزدگی موصول نہ ہونے کے باعث ان کا انتخاب متفقہ طور پر طے پا گیا۔فی الحال پارٹی کے ورکنگ صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے نِتِن نبین آج یعنی منگل کی صبح 11بجے بی جے پی کے قومی صدر کے عہدے کا حلف لیں گے۔اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت پارٹی کے سرکردہ رہنما شریک ہوں گے۔ اس سے قبل پیر کی دوپہر دہلی میں واقع بی جے پی کے مرکزی دفتر میں نامزدگیوں کا عمل شروع ہوا، جس کے دوران نِتِن نبین کی نامزدگی کے موقع پر مرکزی وزراء امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ، جے پی نڈّا، نِتِن گڈکری اور دیگر سینئرقائدین موجود تھے۔ دارالحکومت میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر اعلیٰ رہنماؤں، بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، صوبائی صدور اور مرکزی وزراء کا اجتماع ہوا۔ دوپہر دو بجے سے شام چار بجے تک نامزدگی کے لیے مقررہ وقت کے آغاز میں پارٹی کے صدر جے پی نڈا، سابق صدر راجناتھ سنگھ، امیت شاہ اور نتن گڈکری نے دیگر سینئررہنماؤں کے ساتھ انتخابی افسر ڈاکٹر کے لکشمن کو نتن نبین کے نام کی تجویز کا پرچہ پیش کیا۔ ان کے ساتھ مرکزی وزراء کرن رجیجو، دھرمیندر پردھان، بھوپندر یادو اور کچھ دیگر بی جے پی رہنما بھی موجود تھے ۔ بی جے پی کی صوبائی اکائیوں کی جانب سے بھی نتن نبین کے نامزدگی کے حمایت نامے پیش کیے گئے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور منوہر لال کھٹر بھی موجود تھے ۔ نامزدگی کا عمل شروع ہونے سے پہلے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی، راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو سمیت بی جے پی کے کئی دیگر سینئررہنما پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچ گئے تھے ۔
جموںوکشمیربی جے پی کی نامزدگی عمل میں بھرپور شرکت
عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//جموں و کشمیر سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی کونسل اور ریاستی کونسل کے اراکین نے بی جے پی قومی صدر کے انتخاب کےلئےنامزدگی فارم پُر کرکے بی جے پی کے قومی ہیڈکوارٹر، نئی دہلی میں جمع کرا کر جمہوری عمل میں سرگرم حصہ لیا۔جموں و کشمیر سے بی جے پی کے ممتاز قائدین جن میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چُگ، جموں و کشمیر بی جے پی صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ست شرما سی اے، مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما، رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما، قومی سیکریٹری ڈاکٹر نریندر سنگھ، سابق ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل سنگھ، سابق نائب صدور پریا سیٹھی، راجیو چاڑک، راکیش مہاجن، جنرل سیکریٹری گوپال مہاجن، ضلع صدور راجیش گپتا، روہت دوبے اور راجیو پنڈتا، ایم ایل ایز شام لال شرما، ڈاکٹر دیویندر کمار منیال، شکتی پریہار، یدھویر سیٹھی، وکرم رندھاوا، موہن لال بھگت، ڈاکٹر بھارت بھوشن، بلونت منکوٹیا، ایس سی مورچہ صدر دھرمیندر کمار، پارٹی ترجمان رجنی سیٹھی، سابق میئر راجندر شرما، آل سیلز انچارج وید شرما اور دیگر شامل تھے، نے نامزدگی کے پورے عمل میں شرکت کی۔ یہ کارروائی جموں و کشمیر کے لیے مقرر ریٹرننگ آفیسر راکیش مہاجن کی نگرانی میں انجام دی گئی۔جموں و کشمیر سے بی جے پی قومی صدر کے لیے تجویز کردہ نام پر مشتمل مکمل شدہ نامزدگی فارم قومی ریٹرننگ آفیسر کے لکشمن کو جمع کرائے گئے، جنہوں نے بی جے پی کی قومی قیادت کی جانب سے بھی نامزدگی کاغذات وصول کیے۔ اس موقع پر بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سمبت پاترا بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ست شرما نے کہا کہ بی جے پی ایک ایسی جماعت ہے جو نہ صرف حکومت میں بلکہ اپنی تنظیم کے اندر بھی جمہوریت پر عمل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی صدر کے انتخاب کا مفصل اور مقررہ وقت کے تحت انجام دیا جانے والاعمل اجتماعی قیادت، آئینی طریقہ کار اور اندرونی جمہوری اقدار پر بی جے پی کے غیر متزلزل یقین کی عکاسی کرتا ہے۔