نوشہرہ //سب ڈسٹر کٹ ہسپتال نوشہرہ میں گزشتہ 2برسوں سے ڈینٹل ڈاکٹر کی تعیناتی ہی نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے دانتوں کی مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض ضلع کے دیگر ہسپتالوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے اس سلسلہ میں انتظامیہ سے رجوع کیا جارہا ہے لیکن آفیسران و اعلیٰ قیادت کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں دانتوں کے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ مریضوں کی مشکلات میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ جیسے سرحدی سب ڈویژن میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کے عوامی اجلاس میں بھی معاملہ اعلیٰ حکام تک پہنچایا گیا تھا لیکن وقت پر یقین دہانی کروانے کے باوجود بھی اس سلسلہ میں عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی معززین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں ڈینٹل ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔بلاک میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ ایک ڈاکٹر کی نوشہرہ میں تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم اس نے ڈیوٹی جوائن ہی نہیں کی جس کی وجہ سے مذکورہ کرسی خالی پڑی ہو ئی ہے ۔