جموں // ریاستی سرکار نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ دلی کے راجا جی مرگ علاقے میں ریاست کی 114کنال اور11.2مرلہ اراضی میں سے 96کنال اراضی پر فوج قابض ہے جبکہ ہریانہ میں واقع سینکڑوں کنال اراضی غیر قانونی قبضہ میں ہے ۔ممبراسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید کے سوال کے تحریری جواب میں متعلقہ وزیر نے بتایاکہ دلی کے راجا جی مرگ علاقے میں ریاست کی 114کنال اور11.2مرلہ اراضی میں سے 96کنال اراضی پر فوج قابض ہے جبکہ1کنال 11.2مرلہ اراضی پر محکمہ سی پی ڈبلیو ڈی قابض ہے اور باقی 17کنال اراضی پر 75رہائشی کوارٹر ملازمین کیلئے تعمیر کئے گئے ہیں۔ سرکار نے مزید بتایا کہ محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق ہریانہ کے میر پور اور سرسہ میں ریاست کی 1251کنال4مرلہ اراضی کو 5سال کیلئے 1957سے 1962تک لیز پر باجواہ برادران کو دی گئی اور اب یہ معاملہ عدالت میںزیر سماعت ہے۔جواب میں بتایاگیاہے کہ ریاستی سرکار اس پرپنجاب اور ہریانہ کی چندی گڑھ میں واقع ہائی کورٹ میں قانونی طور پر مقدمہ لڑ رہی ہے تاکہ ناجائز قبضہ کی گئی ریاست کی زمین کو واپس لیا جا سکے اور اس سلسلے میں عدالت نے کیس کی اگلی سنوائی 5فروری2018مقرر ہے۔سرکار نے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نئی دلی پرتھوی راج روڈ پر 14کنال 12مرلہ زمین ہے جہاں پر جموں وکشمیر ہائوسنگ کمپلیکس ہے جس میں سب ٹریجری ،انفارمیشن ، جموں وکشمیر بنک اور پی ڈبلیو ڈی کے دفاترکے علاوہ وزیر اعلیٰ اور گورنر کی رہائش گاہ بھی واقع ہے۔ اس کے علاوہ 38رہائشی کوارٹر بھی اسی زمین پربنائے گئے ہیں ۔سرکار نے مزید بتایا کہ دلی کے چناکیا پوری CHANAKYAPURI) میں ریاست کی 11کنال 18.2مرلہ زمین ہے جہاں جموں وکشمیر گیسٹ ہائوس ہے جس میں 52گیسٹ روم،7سیٹ روم ،عملہ کیلئے38رہائشی کوارٹربنے ہیں ۔سرکار نے مزید بتایا کہ شالی مار باغ دلی میں ریاست کی7کنال 18.2مرلہ زمین ہے جو ریاستی محکمہ ہارٹی کلچر کے پاس ہے اور زمین پر 30کمروں پر مشتمل بنائے گئے گیسٹ ہائوس میں یہاں سے بیرون ریاست جانے والے اس شعبے سے جڑے افراد استعمال کرتے ہیں۔سرکار نے مزید بتایا کہ امرتسر میں ریاست کی 19کنال زمین ہے جس میں اہم شخصیات کے قیام کی جگہ اور کمرے بنے ہیں ۔اس کے علاوہ دوسری عمارت میں 3گیسٹ روم، 7رہائشی کوارٹر ہیںجبکہ 23کنال اور9مرلہ زمین تپائے روڈ پر واقع ہے جو فی الوقت غیر قانونی قبضہ میں ہے ۔چندی گڑھ میں بھی ریاست کی 7کنال 10.6مرلہ اراضی ہے جس میں 1وی آئی پی سیٹ ،6گیسٹ روم ، ایک سٹاف کوارٹر اور ایک اورکوارٹر بنا ہے ۔شاپنگ و دفتر 28.13Sec:174 ممبئی میں 1کنال 6.8مرلہ زمین ہے ۔ممبئی میں فلیٹ نمبر 32ایڈی ونٹ بلڈنگ میں 1436سکوائر فٹ 5.2مرلہ زمین ہے جس پر ایک گیسٹ ہائوس ہے جس میں 2بیڈ روم، ڈرائنگ روم اور ڈائننگ روم اور ایک کچن موجود ہیں ۔ممبئی میں ہی 25چنار WTCکلوبا میں 2646سکوائر فٹ 9.8مرلہ زمین ہے جس پر ٹورازم جے آر ایس ممبئی ،ٹریجری ،Hp&mcکے علاوہ جموں وکشمیر آرٹ امپوریم کے دفاتر ہیں ۔ڈوپلیکس فلیٹ نمبر 2ndفلور حویلی نپینا سی روڈ پر 1کنال چار مرلہ زمین ہے جس پر ایک گیسٹ ہائوس میں 2وی آئی پی سیٹ اور تین کمرے مہمانوں کیلئے ہیں ۔اسی طرح نپینا سی روڈ جسے 19ایل ڈی روپیل مرگ کہتے ہیں ،میں ریاست کی 9کنال 12مرلہ زمین ہے جسے 1991میں ایم ایس سنگوی نامی تعمیراتی کمپنی کو 90سال کیلئے لیز پر دیاگیاتھا اور وہاں اس وقت ریاستی حکومت کا صرف ایک ڈوپلیکس فلیٹ موجود ہے ۔سرکار نے بتایا کہ آر سی دفتر ، چندی گڑھ گیسٹ ہائوس اور امرت سر گیسٹ ہائوس سے اپریل 2017دسمبر2017تک 5788467.00روپے آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔