عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے امرناتھ یاترا کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ یاتریوں کی مسلسل بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر افرادی قوت کی مؤثر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پوری یاترا کے دوران انتظامات بلا رکاوٹ جاری رہیں۔بدھ کے روز بھگوتی نگر یاتری نواس کے دورے کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے جاری شری امرناتھ جی یاترا کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیر پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، شری امرناتھ شرائن بورڈ اور سول انتظامیہ کے حکام سے ملاقات کرکے یاتریوں کی رہائش، سہولتوں اور انتظامات پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
منوج سنہا نے حکام کی محنت اور خدمات کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ ہر یاتری کو “دیوی مہمان” سمجھ کر اس کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئیوں پر مسلسل نظر رکھی جائے اور موسم کی کسی بھی اچانک تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صرف بارہ دنوں میں امرناتھ یاترا میں شریک ہونے والے عقیدت مندوں کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اس لیے زائرین کو ہموار، محفوظ اور بے فکر سفر فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کی رجسٹریشن، آرام دہ رہائش اور سفری انتظامات کو ہر مرحلے پر مؤثر اور منظم بنانے کی ہدایت بھی دی۔
اس موقع پر انہوں نے جموں خطے کی سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے پر بھی زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ یاتریوں کے لیے جموں ڈویژن کے اہم مذہبی اور سیاحتی مقامات کے سیر و سیاحت کے پروگرام ترتیب دیے جائیں۔ ساتھ ہی مقامی دستکاری اور ہینڈلوم مصنوعات کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ زائرین واپسی پر جموں کی یادگار کے طور پر مقامی ہاتھ سے تیار اشیا اپنے ساتھ لے جا سکیں۔
امرناتھ یاترا: ہر یاتری کو دیوی مہمان سمجھ کر خدمت کریں، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت