مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں چل رہی اکثر واٹر سپلائی سکیمیں مشکل وقت میں ناکارہ ہوگئی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں مکمل ناکام دیکھائی دے رہا ہے ۔مینڈھر کی عوام نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کا میکینکل اور سیول شعبہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے میں مصروف ہے جبکہ واٹر سپلائی سکیمیں کی نہ تو مشینری کی مرمت کی جارہی ہے اور نہ ہی بوسیدہ ہوئی پاپئیں تبدیلی کر نے میں کوئی دلچسپی لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک واٹر سپلائی سکیموں کی مشینری بالخصوص موٹریں خراب ہوئی ہیں جبکہ محکمہ کا میکینکل شعبہ ان کی مرمت کےلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مشینری میں آئی تکنیکی خرابی کےلئے متعلقہ شعبہ سے کئی مرتبہ رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ملازمین اور آفیسران بہانے بازیاں کرکے وقت گزار رہے ہیں ۔اسی طرح اکثر واٹر سپلائی سکیموں کی پاپئیں بوسیدہ ہو گئی ہیں اور ان پائپوں میں سے پانی خارج ہو تا رہتا ہے لیکن محکمہ جل شکتی کا سیول شعبہ ان کی مرمت کی جانب دھیان ہی نہیں دے رہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں رہتے جس کی وجہ سے گاﺅں میں پانی کی بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین نے کئی ایک واٹر سپلائی سکیموں کی جنرل لائنوں سے ہی لوگوں کو کنکشن دئیے ہوئے ہیں جبکہ زیادہ تر سپلائی لائنیں خراب ہونے کی وجہ سے پانی بند ہو چکا ہے ۔لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہا مینڈھر کے یہات میں پانی کی سپلائی کا بندوبست کیا جائے جبکہ لاپرواہ اور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازمین کو جلدازجلد تبدیل کیا جائے ۔