عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں اتوار کے روز بھی شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج سے موسم میں نمایاں تبدیلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے وادی اور جموں کے بیشتر علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں کے دوران متوقع بارشوں کے باعث حساس اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈ)، لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کے خدشات ہیں، خصوصاً اہم شاہراہوں اور پہاڑی راستوں پر احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے موجودہ شدید گرمی اور حبس سے وقتی راحت ملنے کی امید ہے۔ تاہم، خراب موسمی صورتحال کے باعث زمینی نقل و حمل، شاہراہوں پر آمدورفت اور کھلے مقامات پر ہونے والی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مقامی باشندوں، سیاحوں اور امرناتھ یاترا کے زائرین کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری موسمی انتباہات پر عمل کریں اور شدید بارش کے دوران سیلابی نالوں، لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں اور غیر مستحکم پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔محکمہ نے متعلقہ سرکاری اداروں کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
جموں و کشمیر میں گرمی اور حبس برقرار، آج سے موسلادھار بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان