عظمیٰ نیوز سروس
سندر بنی//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان اور سابق ایم ایل سی رویندر شرما کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے سندر بنی میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے رام مندر ایودھیا کے چندہ اور جائیداد میں مبینہ خرد برد کے معاملے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے مبینہ طور پر ملوث افراد کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات اور مثالی سزا کا مطالبہ کیا۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے رویندر شرما نے کہا کہ رام مندر جیسے مقدس مقام سے وابستہ چندے اور املاک میں مبینہ بے ضابطگیوں نے کروڑوں عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی سطح پر مالی بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو اس میں ملوث ہر فرد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مندر کے انتظامی معاملات کی نگرانی کرنے والے ذمہ دار افراد اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے اور انہیں عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔ رویندر شرما نے مطالبہ کیا کہ پورے معاملے کی آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقیقت سامنے آ سکے اور قصورواروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔احتجاج کے دوران کانگریس کارکنوں نے مبینہ “چندہ چور” کے خلاف نعرے بازی کی اور الزام عائد کیا کہ بااثر افراد کے خلاف قانون کی کارروائی میں امتیازی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، جس سے عوام میں تشویش پیدا ہو رہی ہے۔رویندر شرما نے اپنے خطاب میں نیٹ امتحان کے پیپر لیک معاملے کا بھی ذکر کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل پیپر لیک کے واقعات نے طلبہ اور والدین کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں قائدِ حزب اختلاف راہل گاندھی نوجوانوں، طلبہ اور عام عوام کے مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھا رہے ہیں اور متاثرہ طبقے کی آواز بنے ہوئے ہیں۔اس احتجاج میں بلاک کانگریس کے صدر این سی شرما، سردار اجیت سنگھ، تھورو رام، یوگ راج، ڈاکٹر وید سودن، اوم پرکاش، دیپک کمار، اشوک کمار شرما، سریش دامرال، گووند سودن، وریندر سنگھ، تلک راج، اشوانی کمار، رنجیت سنگھ، نشی کانت سمیت متعدد کانگریس کارکنان نے شرکت کی۔