سرینگر// اننت ناگ ٹاؤن سے محض تین کلومیٹر دور واقع آنگ مٹی پورہ نامی گاؤں میں گورنمنٹ مڈل سکول میں زیر تعلیم 85 بچوں کیلئے محض 2 کمرے دستیاب ہیں ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے خلاف برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں قائم سکولوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ یہ سکول 2004 میں قائم کیاگیااور 2014 میں مڈل سکول تک اپ گریڈ کیا گیا لیکن ڈھانچہ آج تک پرائمری سطح کا ہی ہے۔سکول میں 85 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جن کیلئے صرف تین کمرے مخصوص ہیں ۔ سکول میں تعینات اساتذہ کا کہنا ہے کہ سکول میں بچوں کو پڑھانے کا کام بہت مشکل بن جاتا ہے کیونکہ ایک ہی کمرے میں تین چار جماعتوں کے بچوں کو پڑھانا ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کیلئے مزید کمروں کی تعمیریا دوسری عمارت کے حوالے سے کئی بار تحریری طور پر زیڈ ای او سے مطالبہ کیا گیا تاہم کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے۔ (سی این آئی)