عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک گائوں میں دو افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ حکام نے اتوار کو بتایاکہ پولیس، فوج اوربی ایس ایف کا مشترکہ تلاشی آپریشن پانگڈور، سڈکو جنگل اور آس پاس کے علاقوں بشمول بسنتر نالہ میں جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ جانوروں کے فارم کے ایک نگراں نے ہفتہ کی شام 8.30 بجے کے قریب پانگڈور میں دو نامعلوم افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع دی، جس پر پولیس اور فوج نے فوری کارروائی کی تاہم، مشتبہ افراد کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ حکام نے کہا، مقامی پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک پارٹی نے انہی افراد کو صبح 1.30 بجے کے قریب سڈکو جنگل کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا اور انہیں چیلنج کیا لیکن وہ فرار ہو گئے۔اسی مناسبت سے پولیس اور فوج کی کمک جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جنگل کے علاقے کو گھیرے میں لے کر ایک مکمل تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ حکام نے بتایا کہ روٹ پر چلنے والی گاڑیوں کی تلاش کے لیے خون گائوں میں اضافی چوکیاں قائم کی گئیں۔