کٹھوعہ میڈیکل کالج پروجیکٹ پر ابھی تک 32کروڑ روپے صرف
کے وجے کمارنے تعمیراتی کام اورہسپتال کے عارضی انتظامات کاجائزہ لیا
کٹھوعہ//گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے کٹھوعہ کا دورہ کر کے وہاں چک سجن میں تعمیر ہو رہے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے تعمیراتی کام اور مہاتما گاندھی ہسپتال کٹھوعہ میں میڈیکل کالج کے لئے عارضی اِنتظامات کا جائزہ لیا۔مشیرکے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سمیر متو، ڈائریکٹر میڈیکل کالجزڈاکٹر یشپال شرما اور کئی دیگر افسران بھی تھے۔ دورے کے دوران مشیر کو جی ایم سی عمارت کی تعمیر کے پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ پروجیکٹ کے لئے مختص 96.39کروڑ روپے میں سے اب تک عمارت پر 32کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں اور اسے اپریل 2020ء تک مکمل کیا جائے گا۔ مشیر موصوف نے متعلقہ محکمہ پر زور دیا کہ وہ اگلے چند مہینو ں کے دوران ہاتھ میں لئے جانے والے کاموں کا ایک بار چارٹ تیار کریں تاکہ اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔مشیر موصوف نے بعد میں اعلیٰ افسروں کے ہمراہ ضلع ہسپتال کٹھوعہ کا دورہ کیااور وہاں ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ایم سی آئی رہنماخطوط کے مطابق تین ماہ کے اندر اندر تمام سہولیات مکمل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کو نئے میڈیکل کالج کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔اُنہوں نے ہسپتال میں مختلف سہولیات سے جڑے معاملات کو حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔بعد میں مشیرموصوف نے مہاتما گاندھی ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں پہلے بیچ کے کلاس شروع کرنے کے حوالے سے کئے جارہے عارضی اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہیں بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔مشیر کو بتایا گیا کہ عارضی اِنتظامات مکمل کرنے کے لئے 3.66کروڑروپے مختص رکھے گئے ہیں اور اس کام کو فروری 2019ء تک مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ روہت کجھوریہ کے علاوہ دیگر افسروں کی ایک ٹیم بھی مشیر موصوف کے ہمراہ تھی۔
’بچوں کے تحفظ‘ سے متعلق تربیتی پروگرام
جموں //نیشنل ڈیولپمنٹ فانڈویشن اور مشن آئی سی پی ایس جموں وکشمیر کے اشتراک سے ضلع سانبہ کے بچوں کیلئے توی کانفرنس ہال میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس ایک روزہ تربیتی ورکشاپ میں ضلع سانبہ کے دس گائوں کے بچوں وچائلڈ گروپ کے 110اراکین نے شرکت کی ۔ورکشاپ میںمشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جموں وکشمیر جی اے صوفی بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے جبکہ ان کے علا وہ ایس ایس پی سیکورٹی اور نیشنل ڈیو لپمنٹ فانڈویشن کے راجیو کھجوریہ بھی موجود تھے ۔اس ورکشاپ کے دوران بچوں کو اپنے تحفظ کے بارے میں تربیت دینے کے علا وہ ان کے حقوق کے بارے میں بھی بیدار کیا گیا ۔ورکشاپ کے دوران جونیائل جسٹس ایکٹ 2013،بچہ مزدوری اور اس کیخلاف بنائے گئے قوانین ،بچوں کے جنسی ہراساں جیسے مسائل پر بھی توجہ ڈالی گئی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے راجیو کھجوریہ نے ضلع کے علا وہ بلاک اور پنچایتوں کی سطح پر بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے سماج کے ہرایک شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بچوں کے تحفظ کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔
جنتادل یونائٹیڈنے الیکشن سیل 2019قائم کیا
جموں //جنتادل یونائٹیڈ کے ریاستی صدر جی ایم شاہین نے دیگر سنیئر لیڈر ان و کارکنوں کے ہمراہ پارٹی کا الیکشن سیل 2019قائم کیا ۔جیول چوک میں اس انتخابی سیل کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے ریاستی عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات کے دوران خاندانی راج کو ختم کرنے اور ریاست کی تعمیر وترقی کے نام پر اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔موصوف نے کہاکہ اس سے قبل ریاست جموں و کشمیر میں سبھی پارٹیوں نے اپنے ذاتی مفاد کیلئے عوام کو استعمال کیا ہے جبکہ جنتادل یونائٹیڈ خاندانی راج اور سیاسی مفاد کے خلاف آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو آگے آنے کا موقعہ فراہم کر رہی ہے تاکہ ریاست و ملک کی تعمیر و ترقی ممکن ہو سکے ۔اس دوران پنکنج بھگت کو جموں کا ضلع صدر او ر اسرار الحق کو چناب ویلی کا انچارج نامزد کیا گیا ۔اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی صدر نگیش سمرال ،جنرل سیکریٹری سعید شفیع شاہ ،صوبائی سیکریٹری راہل شرما ،جنرل سیکریٹری مکیش گپتا ،ہریش مہاجن ،ایوش ،سجاد حسین ودیگران بھی موجود تھے ۔
سرکاری سکولوں کے طلباء کیلئے کوچنگ سنٹروں کا قیام
دیہی علا قوں کے طلباء کیلئے رضا کارانہ طور پر تربیتی مراکزقائم کئے جائیں :عبدالقیوم وانی
جموں //ریاستی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کیلئے کوچنگ سنٹروں کے قیام کی تعریف کرتے ہو ئے ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے کہا ہے کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ دیہی اور دور دراز علا قوں میں رہا ئش پذیر بچوں کیلئے رضا کارانہ طور پر کوچنگ سنٹروں کا قیام عمل میں لائیں تاکہ ان غریب بچوں کو بھی کوچنگ کی سہولیت میسر ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے شہری علا قوں میں سنٹروں کا قیام عمل میں لایا ہے لیکن دیہی اور دور دراز علا قوں میں ایسی سہولیات میسرنہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان علا قوں میں رہائش پذیر بچوں کو مسائل کا سامنا کرناپڑے گا ۔انہوں نے ٹیچروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان علا قوں میں رضا کارانہ طور پر بچوں کو سہولیات فراہم کریں ۔موصوف نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ نے سرمائی زون کے تحت آنے والے علا قوں میں کوچنگ سنٹروں کا قیام عمل میں لاکر والدین اور بچوں کیلئے سہولیات میسر کی ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان سنٹروں میں بچوں کو تمام بنیادی سہولیات بھی فراہم کرئے تاکہ خراب موسم کے باوجود بھی طلباء اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں ۔موصوف نے مزیدکہاکہ ان سنٹروں میں تعینات ٹیچروں کو کیلئے چھٹی اور متبادل ٹیچروں کا بندو بست بھی کیا جائے تاکہ بغیر کسی خلل کے ان سنٹروں میں تعلیمی سرگرمیوں کا جاری رکھا جاسکے ۔
کانگریس کسان سیل کااجلاس منعقد
کسانوں کیلئے بیداری پروگراموں کے انعقادپرزور
جموں //کانگریس کے نئے تشکیل شدہ کسان سیل کے اراکین کی ایک میٹنگ پارٹی ہیڈ کوارٹر شہیدی چوک جموں میں منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے اراکین نے کہاکہ پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کیلئے آواز بلند کی ہے ۔ان اراکین نے ریاست میں کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کے سلسلہ میں پارٹی لیڈران کو جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست سے چائولوں دیگر ریاستوں میں فروخت کرنے کے علا وہ فصلوں کو جمع کرنے کیلئے مزید منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائے ۔اپنے خطاب میں کانگریس کسان سیل کے چیئر مین گورئو رام نے کہا کسان ملک کی ریڈ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن ان کو بینکوں کی جانب سے دئیے جارہے قرض اور فصلوں کے سلسلہ میں درپیش مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کسان سیل کی جانب سے ضلع اور بلاک سطح پر کسانوں کو بیدار کرنے کیلئے پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا ۔پارٹی لیڈران نے کسان سیل کے اراکین کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں و مطالبات کے سلسلہ میں اقدامات اٹھا ئے جاینگے ۔
نئے سال کی آمد کی مناسبت سے تقریب
سانبہ //مائونٹ لیٹر زی سکول سانبہ میں نئے سال کی آمد کے سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب میں ایس ایس پی سانبہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ مختلف پنچایتوں کے نو منتخب سرپنچوں اور پنچوں نے بھی شرکت کی ۔اس تقریب کے دوران سکولی طلباء کی جانب سے مختلف کھیلوں کے علا وہ ایک تمدنی پرورگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔اس موقعہ پر خطاب کر تے ہوئے مہمان خصوصی نے سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طلباء کے روشن مستقبل کیلئے معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی ۔اس تقریب میں سکول چیئر مین ڈاکٹر اے کے کپور ،اڈائریکٹر راتیش کپور اور سکول پرنسپل راہل کپور کے علاوہ دیگر سٹاف ممبران اور طلباء بھی موجود تھے ۔
بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں :بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تین ماہ کے لیے سیز فائر کیا جائے اور فوج کو سرحدوں پر بھجا جائے۔انہوں نے کشمیر کے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بندوق کا راستہ چھوڑ کر خود سپردگی کریںکیونکہ بندوق کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے رہنماؤں کو ہمارے حالات کے بارے میں کوئی خبر نہیں ہے۔جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو سنبھالیں جبکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کیلئے سنجیدگی کیساتھ غور کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ نے 27اکتوبر 1947کو ہندوستان کے ساتھ الحاق کیاتھا اور دیگر575راجوں کی طرح،مہارجہ ہری سنگھ نے دفاع، امور خارجہ اور مواصلات وغیرہ ہندوستان کو سونپ دیا تھالیکن ان سب راجوں نے ملکی آئین تسلیم کیا ہے جبکہ مہارجہ کے حلف نامہ کو حکومت ہند نے آج تک قبول نہیں کیا ۔انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست کا دفاع، امور خارجہ اور مواصلات کے اختیارات مکمل طورپر اپنے پاس رکھے ۔
سی ایچ سی کوٹ بھلوال میں طبی کیمپ کاانعقاد
جموں//سی ایچ سی کوٹ بھلوال میںڈائریکٹرہیلتھ سروسزجموں ڈاکٹرسمیرمٹوکی نگرانی اورسی ایم اوجموں ڈاکٹردانش خان کی قیادت میں آنکھوں کی جانچ اوراین سی ڈی کیمپ کاانعقاد کیاگیا۔کیمپ کاافتتاح ایس ڈی ایم جموں نارتھ ستیش شرمانے بی ایم اوکوٹ بھلوال ڈاکٹرمنظورحسین اورمعززشہریوں اورسرپنچوں پنچوں کی موجودگی میں کیا۔اس دوران ہیلپ ایج انڈیاکے تعاون سے آئی ڈیپارٹمنٹ جموں میڈیکل کالج کے پروفیسرڈاکٹرستیش گپتا(پروفیسر)کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے لوگوں کی طبی جانچ کی۔اس دوران 350سے زائد مریضوں کامعائینہ کیاگیاجن میں سے 30مریضوں کوکیٹریکٹ سرجری کیلئے منتخب کیاگیا۔اس دوران لگ بھگ 350 مریضوں کااین سی ڈی سکرین کیاگیااس موقعہ پر کیمپ کے دوران مفت ادویات دینے کے علاوہ اورٹیسٹ بھی کروائے گئے ۔اس موقعہ پرموجودمعززین نے ڈائریکٹرہیلتھ سروسزجموں ،سی ایم اوجموں اورایس ڈی ایم جموں نارتھ کے علاوہ ڈاکٹروں کاسی ایچ سی کوٹ بھلوال میں طبی کیمپ منعقدکرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔
ایم ایم ایچ ایس کے زیراہتمام ہفتہ وار کلچرل ہیرٹیج دوڑ
جموں//مبارک منڈی ہیرٹیج سوسائٹی کی طرف سے محکمہ تعلیم اور محکمہ سیاحت کی اشتراک سے ہفتہ ہیرٹیج واک سلسلے کی شروع کی گئی۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایم ایم ایچ ایس جموںدِیپکاشرما نے کہا کہ اس سلسلے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ نئی پود کو ان کے ثقافتی اور دیگر پہلوئوں کے بارے میں روشنا س کرایا جاسکیں اور اُنہیں ثقافتی جڑوں کے ساتھ منسلک کیا جاسکے۔اُنہوںنے کہا کہ سوسائٹی کلچر کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات کر ر ہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے کے تحت مباحثوں ، مضمون نویسی اور مصوّری کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے جنہیں بعد میں مبارک منڈی میں عوام کی نمائش کے لئے رکھا جائے گا۔ہفتہ واک سلسلے کے تحت دِیوان بدری ناتھ سکول کے طلاب اور اَساتذہ نے مبارک منڈی کا دورہ کیا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے شرکت کے لئے طلاب ، اَساتذہ اور پرنسپل کا شکریہ ادا کیا۔
لون نے آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کی عمل آوری کاجائزہ لیا
جموں//سیکرٹری سوشل ویلفیئر ڈاکٹر فاروق احمد لون نے نیشنل انسٹی چیوٹ آف پبلک کوآپریشن اور چائلڈ ڈیولپمنٹ نئی دلی کی طر ف سے سٹیٹ آئی سی ڈی ایس کے اشتراک سے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ اور آنگن واڑی خدمات کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔این آئی پی سی سی ڈی کے ٹیم کی سربراہی ڈاکٹر سوریہ منی مشرا کر رہے تھے اور ان کے ہمراہ آنند کمار اور ایس ایس سینا پتی بھی تھے۔میٹنگ میں سٹیٹ مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس وِیر جی ہانگلو،ایم ڈی وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن ناہیدسوز،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بھارت بھوشن اور ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جی اے صوفی نے شرکت کی۔ا س موقعہ پر مختلف محکموں کے استدقاق سے عملائے جارہے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام ڈسٹرکٹ پروگرام افسروں اور جموں صوبے کے چائلڈ ڈیولپمنٹ افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی اور آئی سی ڈی ایس خدمات کی عمل آوری سے اپنے تاثرات سامنے ر کھیں۔سیکرٹری موصوف نے یہ تاثرات غور سے سنے اور پوشن ابھیان ، پی ایم ایم وی وائی ، لاڈ لی بیٹی اور کئی دیگر سکیموں کے تعلق سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ ڈاکٹر لون نے یقین دلایا کہ آئی سی ڈی ایس خدمات کی صد فیصد عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔