توشہ خانہ سے متعلق معاملات
مشترکہ ہاوس کمیٹی نے تبادلہ خیال کیا
جموں/ ریاستی قانون سازیہ کی مشترکہ ہاوس کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل سی سجاد احمد کچلو کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں توشہ خانہ سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ارکانِ قانون سازیہ اشوک کھجوریہ ، غلام نبی مونگا اور ایس چرن جیت سنگھ نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ اس موقعہ پر کمیٹی کو جانکاری دی گئی کہ توشہ خانہ کی چابیاں گُم نہیں ہوئی ہیں بلکہ وہ عدالت کی تحویل میں ہیں ۔ کمیٹی نے کہا کہ اُن افسروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئیے جنہوں نے پچھلی میٹنگ میں کمیٹی کو توشہ خانہ کی چابیوں کے حوالے سے غلط جانکاری دی تھی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ 14 مئی 2018 کو جموں میں منعقد ہو گی جس دوران توشہ خانہ جموں میں محفوظ رکھی گئی چیزوں کا جائیزہ لیا جائے گا ۔ سپیشل سیکرٹری کونسل محمد اشرف وانی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔
نوجوانوں کو ہنرمندبنانے کےلئے اقدامات
چیف سیکرٹری نے پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں/چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ایک میٹنگ کے دوران ریاست کے نوجوانوں کےلئے مختلف محکموں میں اُمید وار ”حمایت “نامی فلیگ شپ پروگرامو ں کے تحت ہنرمندی اور روزگار اقدامات کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹری اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس دوران نوجوانوں کے لئے سِکل اقدامات کی عمل آوری کا خاکہ پیش کیا گیا او رچیف سیکرٹری نے مشن ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اِن پروگراموں سے متعلق تمام جانکاری اور پیش رفت تفصیلات جمع کریں۔چیف سیکرٹری نے ریلویز ، ہوٹل ، انڈسٹری اور پن بجلی پروجیکٹوں کے شعبوں میں نوجوانوں کو تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ آسانی سے روزگار حاصل کرسکیں۔اس موقعہ پرجانکاری دی گئی کہ غریب خواتین کو روزگار کے مواقعوں کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے 2.4لاکھ خواتین پر مشتمل 24000 سیلف ہیلپ گروپ قائم کئے جاچکے ہیں۔ اسی طرح حمایت پروگرام کے تحت جے کے ایس آر ایل ایم نوجوانوں کو 6،9 اور 12 ماہ پر مشتمل تربیت فراہم کرتا ہے اور اب تک 10ہزار سے زائد اُمید واروں کو اس پروگرام کے تحت رجسٹر کیا جاچکا ہے۔
گوجربکروال دیش تحریک انصاف کااجلاس
مخصوص طبقے کے تئیں بارایسوسی ایشن کے رویے پراظہارتشویش
جموں//گوجربکروال دیش تحریک انصاف جموں کاایک اجلاس چوہدری نزاکت کھٹانہ کی صدارت میں منعقدہوا ۔اس دوران بارایسوسی ایشن کی محکمہ قبائلی امورکی میٹنگ کے منٹس کوواپس لینے اورآصفہ آبروریزی وقتل معاملے کی تحقیقات سی بی آئی سے کروانے کی مانگ کے معاملے کولیکر 11اپریل کومجوزہ ہڑتال کال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران مقررین نے کہاکہ گذشتہ کئی دنوں سے بارایسوسی ایشن کی جانب سے قبائلی امورمحکمہ کی ایک میٹنگ کے منٹس اورآصفہ معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی کے سپردکرنے کے معاملے کولیکرعدالتوں کاکام کاج ٹھپ کرنے پرتشویش کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش طبقہ کے خلاف بارایسوسی ایشن کارویہ افسوس ناک ہے۔نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ آصفہ معاملے میں بارایسوسی ایشن رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چندروزپہلے شبہ کھوئی جموں میں چندفرقہ پرستوں نے خانہ بدوشوں پرحملہ کیاجوکہ فرقہ پرستوں کی بوکھلاہٹ کانتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست عناصرخانہ بدوشوں کونشانہ بنارہے ہیں جس کاسنجیدہ نوٹس لیناچاہیئے۔اس دوران میٹنگ میں مجیدچوہدری، سردارچوہدری، چوہدری غفور، چوہدری صادق ، چوہدری لیاقت ،چوہدری رزاق، چوہدری محمدالطاف ،سجاداحمد،اکبرودیگران بھی موجودتھے۔
جموں کشمیرسمیت پورے ملک میں بدامنی کےلئے
مودی اورمحبوبہ مفتی ذمہ دار:شام لال شرما
جموں// جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر شام لال شرما نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ملک جبکہ پی ڈی پی۔ بی جے پی کی مقامی حکومت ریاست کو توڑنے کا کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں اس وقت بدامنی اور افراتفری کی فضا پائی جارہی ہے۔ شام لال شرما نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف پارٹی کے ملک گیر ہڑتال کے پروگرام کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’آج (پیر کے روز) کانگریس پارٹی کے رہنما اور کارکن ملک بھر میں احتجاجی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ جب سے مرکز میں یہ (بی جے پی کی) سرکار بنی ہے تب سے پورے ملک میں افراتفری کا ماحول ہے۔ آج ہندوستان کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ہندوستان میں اس وقت بدامنی اور بے چینی پائی جارہی ہے۔ ملک کے لوگ سہمے ہوئے ہیں‘۔ ریاستی کانگریس نائب صدر نے بی جے پی پر ملک کو توڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’وہ پچھلے 25 برس سے ہندوستان کو بانٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ کبھی مندر تو کبھی مسجد کا معاملہ اٹھاتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس کانگریس پارٹی کا کام ملک کو جوڑنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’کانگریس کا کام آج تک ہندوستان کو جوڑنا رہا ہے۔ بی جے پی نعرہ لگاتی ہے کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس ۔ میں خصوصاً جموں وکشمیر کی بات کروں گا۔ ووٹ بینک کے لئے پی ڈی پی اپنے علاقوں کی طرف دھیان دی ہوئی ہے۔ جموں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسے قوانین بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جن سے آپسی بھائی چارے میں خلل پڑنے کا خدشہ پیدا ہورہا ہے‘۔ کانگریسی لیڈر نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی طرف ریاستی حکومت بھی ریاست کو بانٹنے میں لگی ہے۔ انہوں نے کہا ’پی ڈی پی بی جے پی حکومت نے بھی لوگوں کو بانٹنے کا کام کیا ہے۔ ہم محبوبہ مفتی کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں پہلے ہی ڈسٹرب ہے اور صوبہ جموں کو ڈسٹرک کرنے کی کوششیں نہ کی جائیں‘۔ بھوک ہڑتال میں شامل ایک اور کانگریسی لیڈر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک اور ریاست کے آپسی بھائی چارے پر آنچ نہیں آنے دے گی اور حکومت کو یہ بنانے کے لئے بھوک ہڑتال پر ہے۔ انہوں نے کہا ’آج ملک کے 600 اضلاع میں کانگریس پارٹی کے رہنما اور کارکن بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ کانگریس پارٹی ملک اور ریاست کے آپسی بھائی چارے پر آنچ نہیں آنے دے گی‘۔ یو این آئی
تنخواہوں کی واگذاری کامطالبہ
محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کااحتجاجی مظاہرہ
جموں//آل جموں پروانس کیجول /نیڈبیسڈ ورکرس یونین ،پاورڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بینرتلے محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے چیف انجینئرپی ڈی ڈی کنال روڈ جموں دفترکے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران کثیرتعدادمیں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین چیف انجینئردفترکے باہرجمع ہوئے اوراپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس دوران عارضی ملازمین اپنی واجب الاداتنخواہوں کی واگذاری اورایس آرو520کی عمل آوری کامطالبہ کررہے تھے۔اس دوران مقررین نے کہاکہ محکمہ کے عارضی ملازمین کے کنبے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے بھوک مری کاشکارہیں ۔اکھل شرماصدرپی ڈی ڈی کیجول لیبرس یونین اورنائب صدرجے این ٹی یوایف نے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداران سے اپیل کی عارضی ملازمین کی تنخواہیں واگذارکی جائیں۔
ایف ٹی آئی آئی پونے اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کااشتراک
فوٹو گرافی ، سکرین پلے لکھنے اور فلم اپرسییشن سے متعلق قلیل مدتی کورسوں کا انعقاد
جموں/ فلم اینڈ ٹیلی انسٹی چیوٹ آف انڈیا پونے اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ جموں وکشمیر ایس کے آئی ایف ٹی کے تحت ہنر مندی کو بڑھاوا دینے کی غرض سے جموں اور سرینگر میں اگلے مہینے میڈیا پیشہ واروں کے لئے تین قلیل مدتی کورسوں کا اہتما م کر رہے ہیں۔سٹل فوٹوگرافی اور سکرین پلے لکھنے سے متعلق 21روزہ فاﺅنڈیشن کورس 25 مئی 2018ءسے سرینگر میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ جبکہ فلم اپرسییشن میں پانچ روزہ کورس جموں میں 9 مئی 2018ءسے منعقد کیا جارہا ہے ۔ایف ٹی آئی آئی جموں میں سکولوں کی گرمائی چھٹیوں کے دوران تین ہفتوں پر مشتمل ایک ایکٹنگ کورس کا بھی اہتمام کر رہا ہے جبکہ لیہہ میں اسی طرح کا کورس اس سال جولائی میں منعقد کیا جارہا ہے۔ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹل فوٹو گرافی اور سکرین پلے لکھنے کے فاﺅنڈیشن کورسوں میں پہلے آﺅ پہلے پاﺅ کی بنیاد پر 20،20 میڈیا پیشہ واروں داخلہ دیاجائے گا جبکہ جموں میں منعقد ہونے والے فلم اپرسییشن کورس میں 100امیدوار شرکت کر سکتے ہیں۔سٹل فوٹوگرافی اور سکرین پلے لکھنے کے بنیادی کورسوں کے لئے رجسٹریشن فیس فی کس 4000روپے جبکہ فلم اپرسییشن کورس کے لئے رجسٹریشن فیس1500روپے مقرر کی گئی ہے ۔رجسٹریشن فیس درخواست فارم کے ہمراہ ڈیمانڈ ڈرافٹ کی صورت میں جمع کرائی جاسکتی ہے اوریہ ڈرافٹ اکاﺅنٹس آفیسر ایف ٹی آئی آئی پونے کے نام ہونا چاہیئے اور یہ پونا میں ہی واجب الادا ہونا چاہیئے۔مطلوبہ درخواست فارم ایف ٹی آئی آئی کی ویب سائٹ www.ftiindia.comیا محکمہ اطلاعات کی ویب سائٹ www.jkdirinf.in سے ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہے۔خواہش مند درخواست دہند گان جموں میں منعقد ہونے والے فلم اپرسییشن کورس کی رجسٹریشن کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ( اے وی) راکیش دوبے کے ساتھ فون نمبر 9419157301پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں جبکہ سرینگر میں منعقد ہونے والے سٹل فوٹو گرافی اور سکرین پلے لکھنے کے بنیادی کورسوں کی رجسٹریشن کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے وی محمد اسلم خان کے ساتھ فون نمبر 9419768600پررابطہ قائم کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ پچھلے مہینے سرینگر میں شروع کئے گئے ڈیجیٹل فلم سازی کورس کی شروعات کے سلسلے میں ریاست کے دورے کے دوران ایف ٹی آئی آئی پونے کے ڈائریکٹر بوپندرا کنتھولا اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے ڈائریکٹر منیر الاسلام نے فیصلہ لیا تھا کہ دونوں ادارے ایک طویل مدتی اشتراک کے تحت ریاست کے میڈیا پیشہ واروں کے لئے ہنرمندی کو بڑھاوا دینے کے متعدد کورسوں کا اہتمام کر یں گے تاکہ ان پیشہ واروں کو فلم اور ٹیلی ویژن صنعت میں آسانی سے روزگار کے مواقع دستیاب ہوسکے۔قابل ذکر بات ہے کہ اس وقت ایف ٹی آئی آئی پونے کے سرکردہ فیکلٹی ممبران سرینگر میں 15 میڈیا پیشہ واروں کو ڈیجیٹل فلم سازی سے متعلق تربیت دے رہے ہیں۔فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی چیوٹ آف انڈیا نے پہلے ملک کے 19شہروں میں لگ بھگ 2600 نوجوانوں کوایس کے آئی ایف ٹی اقدام کے تحت ایڈیٹنگ ، سنیمٹیو گرافی ، ہدایت کاری ،ایکٹنگ ، سکرپٹ لکھنے اور دیگر شعبوں کی تربیت دی ہے ۔
پرائیویٹ سکولوں کی لوٹ کھسوٹ کی صوبائی کمشنرسے شکایت
فیس ڈھانچہ کمیٹی کے احکامات من و عن عملانے کامطالبہ
جموں//پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے حاصل کی جارہی بھاری بھرکم فیسوں کے معاملے کو لیکر پی ڈی پی لیڈر وکرم سنگھ بروال نے صوبائی کمشنر کے دفتر میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرعلی ملک سے ملاقات کی اور انہیں پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے ایڈمیشن ، اپر کلاس میں پرموشن کی صورت میں بہت زیادہ فیس وصول کی جاتی ہے اس کے علاوہ ان سکولوں نے کتابیں بھی ان ہی سے خریدنا لازمی قرار دیا ہے جو کہ مار کیٹ کے مقابلے میںبہت زیادہ نرخوں پر فروخت کی جاتی ہیں۔ وکرم سنگھ نے پرائیویٹ سکولوں کے فیس ڈھانچہ سے متعلق قائم کی گئی کمیٹی کے چئیرمین حکیم امتیاز حسین جسٹس (ریٹائرڈ)کے احکامات کو من و عن عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا ۔وکرم سنگھ نے کہا کہ کھٹوعہ ، راجوری اور پونچھ کے ڈپٹی کمشنر صاحبان مبارک بادی کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے اپنے اضلاع میں حکیم امتیاز حسین جسٹس کے حکم کو عملی جامہ پہنایا ہے مگر بہت سارے ڈپٹی کمشنروں نے اس دحکم کو ابھی تک عملی جامہ نہیں پہنایا ہے۔ وکرم سنگھ نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کی لوٹ مار کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ڈی سی جموں کو ہدایات دیں کہ حکیم امتیاز حسین کے حکم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جلد از جلد موثر قدم اٹھائیں تاکہ لوگوں کو پرائیویٹ سکولوں کی بھاری بھرکم فیسوں سے نجات مل سکے۔