عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے جمعرات کو واضح کیا کہ نیشنل کانفرنس کا 20 جولائی کو نئی دہلی جانے کا پروگرام ہر حال میں طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے مقام یا طریقۂ کار میں تبدیلی ممکن ہے، تاہم دہلی جانے کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ احتجاج کی جگہ اور انداز تبدیل ہو سکتا ہے، لیکن دہلی جانے کا منصوبہ برقرار رہے گا۔انہوں نے کہا، ہم یہ پروگرام کسی کونے میں خفیہ طور پر نہیں کریں گے۔ ہم دہلی جائیں گے اور وہاں اپنی آواز بلند کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ آیا مجوزہ احتجاج سے قبل دیگر پروگراموں کے اعلانات اس احتجاج کو سبوتاژ کرنے یا اس سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، عمر عبداللہ نے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر یہ نہیں کہیں گے کہ یہ سبوتاژ ہے یا توجہ ہٹانے کی کوشش، تاہم نیشنل کانفرنس اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق دہلی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا، اگر ہمیں یہ پروگرام خفیہ طور پر کرنا ہوتا تو ہم اپنے گھر کے صحن میں بھی کر سکتے تھے، لیکن ہم دہلی جائیں گے اور کسی نہ کسی صورت وہاں اپنی آواز بلند کریں گے۔ اس کے بعد آئندہ کے لائحۂ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
احتجاج کے مقام یا یا طریقہ ٔ کار میں تبدیلی ممکن ، مگر دہلی مارچ کا فیصلہ اٹل: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ