محمد تسکین
رام بن /جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن کے کرول علاقے میں بدھ کے روز شری امرناتھ یاترا کے یاتریوں کو لے جانے والی ایک بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث بس میں سوار تمام 47 افراد، جن میں ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل تھے، بحفاظت باہر نکال لیے گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سلیپر بس زیررجسٹریشن نمبر RJ27PC-9921 راجستھان سے تعلق رکھنے والے یاتریوں کو سرینگر سے جموں لے جا رہی تھی، کرول کے مقام پر اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سی آر پی ایف، فوج، ایس ڈی آر ایف، سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں اور دیگر ایمرجنسی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری ریسکیو اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ بروقت امدادی کارروائی کے نتیجے میں تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بس میں سوار تمام 47 افرادمکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کا ایک ٹائر پھٹنے کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاتریوں کو جموں روانہ کرنے کے لیے دوسری بس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا ہے، جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران قومی شاہراہ پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے متاثر رہی، تاہم بعد ازاں آمدورفت معمول کے مطابق بحال کر دی گئی۔
رام بن میں قومی شاہراہ پر امرناتھ یاتریوں سے لدی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،بس میں سوارتمام 47افراد محفوظ