گاندھی گلوبل فیملی کا وفدوائس چانسلر جموں یونیورسٹی سے ملاقی
جموں //گاندھی گلوبل فیملی کے صدر ڈاکٹر ایس پی ورما کی قیادت میں ایک وفد نے جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر منوج کمار دھر سے ملا قات کر کے مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش کے موقعہ پر منعقد ہو نے والی تقریبات کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔اس دوران ورما نے جموں یونیورسٹی کے اشتراک اور یونیورسٹی کے زیر تحت آنے والے کالجوں کے منتظمین کیساتھ مل کر منعقد کئے جانے والے سمپوزیم ،ورکشاپوں ودیگر سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی ۔انہوں نے وائس چانسلر سے مطالبہ کر تے ہوئے کہاکہ مہاتما گاندھی کے فلسفے پر تحقیق کے سلسلہ میں یونیورسٹی میں ایک خصوصی سنٹر کا قیام عمل می لایا جائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ جموں یونیورسٹی مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں پہلے سے ہی کئی ایک پروگرام منعقد کر رہی ہے ۔انہوں نے گاندھی گلوبل فیملی کی جانب سے کی جارہی سرگرمیوں کی تعریف بھی کی ۔اس وفد میں شہناز اقبال ،ونود کول ،ڈاکٹر جگیندر پال ،کرتار سنگھ ،بشیر احمد شیخ ودیگران بھی موجود تھے ۔
جموں یونیورسٹی کے منتظمین کی میٹنگ منعقد
جموں //جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر منوج کمار دھر کی قیادت میں یونیورسٹی منتظمین کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کے دوران یونیورسٹی کے سبھی کیمپس میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا گیا ۔میٹنگ کے دورا ن وائس چانسلر نے تمام ریکٹروں اور ڈائریکٹروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ یونیورسٹی کے باہر قائم کیمپس میں یوجی سی کے قاعدہ کے تحت معیاری تعلیم فراہم کریں تاکہ طلباء اپنے شعبوں میں معقول روز گار حاصل کر نے کے قابل ہوسکیں ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی سے باہر قائم سبھی کیمپس کو جلد ہی ویڈیو کانفرنسنگ کے تحت یونیورسٹی کے مین کیمپس کیساتھ جوڑا جائے گا تاکہ ان اداروں میں فراہم کی جارہی تعلیم کے معیار ودیگر سرگرمیوں کا جائیزہ لیا جاسکے ۔اس میٹنگ میں ڈین اکیڈمک ،رایکٹر ،ڈائریکٹر ،نوڈل ایچ ائو ڈی ،ڈائریکٹر کالج ڈیولپمنٹ کونسل ،راجسٹرار ودیگران نے بھی شرکت کی ۔
آئی جی پی جموں گورنر سے ملاقی
جموں//آئی جی پی جموں ایم کے سنہا نے گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور جموں خطے میں موجودہ اَمن و قانون کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے سنہا کو لوگوں کی تحفظ اور پولیس عملے کی بہبودی اور اُن کے کنبے کی دیکھ بال بنانے کی صلاح دی۔گورنر نے آئی جی پی جموں کو اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دینے کی دعا دی۔
چیف الیکٹورل آفیسر گورنر سے ملاقی
جموں//چیف الیکٹورل آفیسر جے ایند کے شیلندر کمار نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔شیلندرکمار نے گورنر کو سسٹمیٹک ووٹرس ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹسپیشن ( ایس وی ای ای پی ) اور الیکٹورل لیٹریسی کلبز کی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔یہ کلب ریاست کے تعلیمی اداروں میں قائم کئے جارہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو اپنی حق رائے دہی کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے ۔گورنر نے الیکٹورل عمل کے بارے میں بیداری پید ا کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔حالیہ پنچایتی اور شہری بلدیاتی اداروں کے اِنتخابات منعقد کرنے پر اپنے اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ لوگ آنے والے تمام اِنتخابات میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں گے ۔
ٹرانسپورٹ محکمہ کی سیفٹی قوانین کے بارے میں ورکشاپ
ڈاکٹر وید نے روڈ سیفٹی اور ماحولیات کو تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیا
جموں//جموںمیں سوسائٹی آف انڈین آٹو موبائل مینوفیکچرس نے ٹرانسپورٹ محکمہ کے اشتراک سے مستقبل کے قوانین اور حفاظتی تدابیر کے تعلق سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ورکشاپ کے دوران مختلف اقسام کی گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں اور سیفٹی اقدامات سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لئے تربیت اور اے آئی ایس۔140 آلہ کی عمل آوری کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے، نے روڈ سیفٹی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی پہلوؤں کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے او ای ایمز پر روز دیا کہ وہ ریاست میں ڈرائیوروں کے لئے تربیتی ادارے قائم کریں اور سائنسی طریقے پر فٹنس مراکز بھی قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ بگڑتے ماحولیاتی منظر نامے پر قابو پانے کی طرف بھی توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار نے سڑک حادثات میں ہورہے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے حادثات پر قابو پانے اور ماحولیات کو تحفظ دینے سے جڑے اقدامات پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس آئی اے ایم پی کے بینرجی کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا۔بعد میں ڈاکٹر وید کی صدارت میں ایک پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں روڈ سیفٹی اور دیگر پہلوؤںمیں بہتری لانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ورکشاپ میں ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر، ایس ایس پی ٹریفک جموں، ایم ڈی، جے کے ایس آر ٹی سی، آر ٹی او جموں، آر ٹی او کٹھوعہ، آر ٹی او کشمیر اور دیگر سنیئر افسروں کے علاوہ منیاکشی ککریجہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایس اے آئی ایم اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی ورکشاپ میں موجود تھیں۔
حتمی ڈرافٹ ایکشن پلان پر بحث کیلئے میٹنگ
جموں//جنگلات وماحولیات کے کمشنر سیکرٹری منوج کمار دویدی نے حتمی ڈرافٹ ایکشن پلان پر بحث کرنے کے لئے ائیر کوالٹی مونیٹرنگ کمیٹی( اے کیو ایم سی) ممبران کی ایک میٹنگ طلب کی ۔ اس ڈرافٹ پلان کو سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ نئی دہلی کو پیش کیا جائے گا۔ڈائریکٹر ایکالوجی، انوائرنمنٹ اینڈ ریموٹ سینسنگ، ممبر سیکرٹری سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر، ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران کمشنر سیکرٹری نے ایکشن پلان کی عمل آوری کے لئے وقت مقرر کرنے پر زور دیا تا کہ میونسپل سالڈ ویسٹ کو ٹھکانے لگانے پر غور کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرینگر اور جموں شہروں میں اے کیو ایم ایس کو سی اے کیو ایم ایس کے ساتھ نصب کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔کمشنرموصوف نے کہا کہ جموں اور سرینگر شہروں میں کثافت کی سطح کو کم کرنے کے لئے25 سال پُرانی گاڑیوں کی منسوخی کیلئے سانبہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے انسپکشن کم سرٹیفکیشن سینٹر قائم کیا جارہا ہے۔ریاستی حکومت نے جموں اور سرینگر شہروں کے لئے اے کیو ایم سی کو فضا کی کثافت روکنے کے لئے نیشنل کلین ائیر پروگرام شروع کرنے کا اختیار دیا ہے۔
گورنر راج کے دوران 39284 شکایات موصول
38228 شکایات کو نمٹارے کیلئے بھیجا گیا
جموں//ریاست میں اس سال20 جون کو گورنر راج نافذ ہونے سے لے کر 28 دسمبر2018 تک گورنر گریوینس سیل کو39284 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے38228 شکایات کو نمٹارے کے لئے متعلقہ کوارٹروں کو بھیجا گیا جبکہ 640 شکایات اس وقت زیر عمل ہیں۔اسی طرح گورنر کی ہدایات پر اُن کے مشیر متواتر طور سرینگر اور جموں میں عوامی دربار منعقد کرا کے وفود اور افراد کے ساتھ ملاقات کر کے اُن کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہیں۔اُن کی ہدایات پر یہ مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو بھیجے جاتے ہیں۔
ناظم اطلاعات کا اظہار تعزیت
جموں//ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر نے معروف مصنف، شاعر اور سابق وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر حامدی کشمیری کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ناظم اطلاعات نے حامدی کشمیری کی جانب سے اُردو اور کشمیری ادب میں انجام دی خدمات کو یاد کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔
ایس سی ، ایس ٹی کارپوریشن نے 89مستحقین میں 212.30 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی
جموں//سماجی بہبود کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون کی طرف سے جاری کردہ ہدایت پر عمل کرتے ہوئے جموں اینڈ کشمیر شیڈول کاسٹ ، شیڈو ل ٹرائب اور بیک وارڈ کلاسزڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ نے 89مستحقین میں 212.30لاکھ روپے کی رقم بطور قرضہ تقسیم کیں۔کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس موقعہ پر کہا کہ یہ رقم 89 بے روزگار افراد کے حق میں منظور کی گئی ہے ۔اس موقعہ پر مستحقین نے کارپوریشن کی ان کاوشوں کو سراہا۔