جموں //محکمہ صحت کی طرف سے اکھنور میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے علا وہ ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔گور نمنٹ ہائی سکول سنیل میں لگائے گئے اس طبی کیمپ کے دوران 350سے زائد مریضوں کی طبی تشخیص کی گئی ۔امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر سشیل کی قیادت میں لگائے گئے اس طبی کیمپ میں مریضوں کو مختلف بیماریوں سے متعلق تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر سشیل نے کہا کہ اس وقت ریاست میں لگ بھگ 70فیصد آبادی دیہی علا قوں میں رہائش پذیر ہے جسے طبی سہولیات میسر نہیں اور نہ ہی دیہی آبادی کومختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیلئے کوئی معقول پالیسی اپنائی گئی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ آبادی میں امراض قلب و دیگر مہلک بیماریاں پائی جاتی ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت ہندوستان میں 40ملین افراد امراض قلب میں مبتلا ہیں جن میں سے 19ملین شہری علا قوں جبکہ 21ملین دیہی علا قوں میں رہائش پذیر ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی صحت کے سلسلہ میں محکمہ صحت کے ساتھ رابطہ میں رہیں تاکہ ان کو مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بیدار کیا جاسکے ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر وں کی ایک ماہر ٹیم نے مریضوں کی جانچ کرنے کے علا وہ ان کو مشورے بھی دئیے ۔