جموں//آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے دورہ ٔ جموں کے دوسرے روز خطہ پیر پنچال سے تعلق رکھنے والے پی ڈی پی کارکنان کے7وفود سے ملاقات کرکے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔واضح رہے کہ منگل کے روز محبوبہ مفتی نے خطہ چناب کے 6وفود سے ملاقات کرکے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ اسمبلی چنائو کیلئے تیار رہیں ۔ آج سابق وزیر اعلیٰ جموں ، اودھمپور ، سانبہ ، کٹھوعہ اور ریاسی کے وفود سے ملاقات کرنے والی ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ بدھ کے روز پیر پنچال کے سات وفود محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوئے جن میں سے چار وفود راجوری جبکہ تین وفود پونچھ ضلع سے تھے ۔ اس دوران محبوبہ مفتی نے حلقہ انتخاب سطح پر پارٹی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو پارٹی کی حصولیابیوں کے بارے میں بتائیں اور خاص طور پر خطے میں مرحوم مفتی محمد سعید کے دور میں منظور کئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کے ثمرات سے لوگوں کوآگاہ کریں ۔ذرائع نے بتایاکہ سابق وزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنان پر زور دیاکہ وہ متحد ہوکر کام کریں اور پارٹی کو پورے خطہ میں مضبوط بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ ان اسمبلی حلقوں پر خصوصی توجہ دی جائے جن میں پارٹی گزشتہ الیکشن میں بہتر کارکردگی نہیں دکھاسکی تھی ۔محبوبہ مفتی سے ملاقات کرنے والے پونچھ کے ایک پی ڈی پی لیڈر نے بتایاکہ میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ ان کے والد مرحوم کا بھاجپا کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ ایک تاریخی اقدام تھا کیونکہ مرحوم جموں کے منڈیٹ کا احترام کرناچاہتے تھے تاہم بی جے پی لیڈر جموں کی ترقی میں ناکام ثابت ہوئے اور لوگوں کے غصہ کاسامنا کرنے پر انہوں نے حکومت سے حمایت واپس لے لی ۔پی ڈی پی لیڈر کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ بھی کہاکہ بی جے پی کے اندرونی معاملات کی وجہ سے جموں ایمز جیسے پروجیکٹ تعطل کاشکار ہوئے اور انہیں وقت پر شروع نہیں کیا جاسکا۔اسی طرح سے سابق وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والے راجوری کے ایک لیڈر نے بتایاکہ محبوبہ مفتی نے اپنی کابینہ کے کچھ وزراء کی کمترکارکردگی (Under Performance)کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ریاست کی ترقی کا عمل متاثر ہوا۔انہوں نے بتایاکہ خطہ پیر پنچال کے وفودنے پارٹی صدر کو یقین دلایاکہ وہ خطہ پیر پنچال کو پی ڈی پی کا مضبوط گڑھ بنانے کی کوشش کریںگے ۔