جموں//ڈوگرہ صدر سبھا کا ایک وفد یہاں گلچین سنگھ چاڑک کی قیادت میں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کے ساتھ ملاقی ہوا۔ وفد نے مبارک منڈی کمپلیکس کے تحفظ اور بحالی سے متعلق مختلف امور کے بارے میں مشیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت اور مبارک منڈی ہیری ٹیج سوسائٹی کے ایگزیکٹو افسران بھی موجود تھے۔ وفد نے ریاست کے ڈوگرہ حکمرانوں سے متعلق8 لاکھ فائلوں کے تحفظ، گول گھر اورمہا رانی چارکی پیلس کے تحفظ، ہیری ٹیج کمپلیکس کے عقب میں عجائب گھر عمارت کی تجدید ومرمت اور دیگر بحالیاتی کاموں کی عمل آوری کی ضرورت اُجاگر کی۔صلاحکار نے ایگزیکٹو افسران کو محکمہ سیاحت کی مشاورت سے ہیری ٹیج کمپلیکس کا تھری ڈِی ورچول ٹور بنانے اور جموں روپ وے پروجیکٹ کو مبارک منڈی کمپلیکس تک جوڑنے کے لئے سروے کرانے کی ہدایت دی تا کہ اس کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس کے تحفظ اور بحالی کے لئے گورنر انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔