عظمیٰ نیوز سروس
سرنکوٹ// لسانہ کے قریب شاہراہ پر پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد محکمہ صحت کی جانب سے فوری اور مربوط طبی امدادی کارروائی عمل میں لائی گئی۔چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان کی نگرانی میں جیسے ہی حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، ایمبولینس سروس کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا، جہاں انہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
محکمہ صحت کے مطابق حادثے میں شفیق احمد ولد محمد رفیق اور شیراز احمد ولد محمد بشیر، سکنہ سرنکوٹ شدید زخمی ہوئے تاہم، ڈاکٹروں نے شفیق احمد کو ہسپتال پہنچتے ہی مردہ قرار دے دیا۔دوسرے زخمی شیراز احمد کو فوری طبی امداد پی ایم راحت اسکیم کے تحت فراہم کی گئی۔ سر میں شدید چوٹ کے باعث اسے مزید معائنے، خصوصاً سی ٹی اسکین، اور خصوصی علاج کے لیے گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ ریفر کیا گیا، جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہے۔سی ایم او پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان نے ذاتی طور پر اس پورے عمل کی نگرانی کی اور بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ کو ہدایت دی کہ زخمی کو بروقت اور مؤثر علاج فراہم کیا جائے۔ محکمہ صحت کی بروقت کارروائی نے زخمی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔محکمہ صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں ایمرجنسی طبی خدمات کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔