راجوری //سنیئر علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی وفات کے بعد پیدا ہوئی صورتحال کیساتھ نمٹنے کیلئے جموں وکشمیر انتظامیہ نے خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ کو بھی ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ نے شاہرا ہ کو ٹریفک کیلئے بند کر نے کیلئے بفلیاز میں شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کی ہوئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بندشیں اعلیٰ حکام کی جانب سے ہدایت ملنے کے بعد عائد کی گئی ہیں جبکہ ٹریفک اور جموں وکشمیر پولیس نے گاڑیوں کی آمد ورفت بند کرنے کیلئے ناکہ لگا کر بندشیں عائد کر دی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سید علی شاہ گیلانی کی وفات کے بعد وادی میں امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ تھا جس کو ذہن میں رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے دیگر احتیاطی تدابیر کیساتھ ساتھ مغل شاہراہ پر بھی بندشیں عائد کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی ہدایت جاری ہونے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت سختی کیساتھ بند رہے گی ۔