مینڈھر //مینڈھر کے دور افتاد ہ علاقہ سنگیوٹ میں جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ چار دہائیوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو خود ہی سڑک کی مرمت کر کے سفر کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ چار دہائیوں سے سڑک کی تعمیر کومکمل ہی نہیں کیا گیا حالانکہ مذکورہ رابطہ سڑک سنگیوٹ گائوں کو جموں پونچھ شاہراہ کیساتھ جوڑتی ہے وہائیں گائوں کو ضلع راجوری کے گائوں کالابن کیساتھ منسلک کرنے کا واحد راستہ بھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سنگیوٹ گائوں ایک پسماندہ علاقہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے پاس کئی طرح کی بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں وہائیں اب محکمہ سڑک کی مرمت کرنے میں بھی ناکام ہو چکا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ سڑک پر تار کول بچھانے کیلئے دو برس قبل ٹینڈ ر نکالا گیا تھا لیکن ابھی تک کام ہی شروع نہیں کیا جاسکا ۔انہوں نے بتایا کہ مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کئی مرتبہ علاقہ کے نوجوان رضا کارانہ طورپر سڑک کے کھڈوں میں پتھر ڈالنے کا کام کرتے ہیں ۔مقامی سرپنچ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک محکمہ کو عملی کارروائی کیلئے کوئی ہدایت جاری ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں ہر گزرتے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔پنچایتی اراکین و معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقہ میں خود آکر صورتحال کا معائینہ کریں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں آسانیاں پیدا ہو سکیں ۔