جموں// پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت اورمرکزی حکومت نے سرحدی عوام کویکسرنظراندازکردیاہے اوران لوگوں کے مسائل کاازالہ کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ان خیالات کااظہارصوبائی صدروومن ونگ نیشنل کانفرنس ستونت کورڈوگرہ نے سانبہ کے سرحدی علاقوں کے دورہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی عوام کے تحفظ کیلئے حکومت نے خاطرخواہ انتظاما ت نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلات جھیلناپڑرہی ہیں۔ستونت کورڈوگرہ نے لائن آف کنٹرول پر جنگ کا سماں جاری رہنے پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی اورمرکزی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ امن بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ آر پار شلنگ سے سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگ گزشتہ دہائیوں سے جاری اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دیتے رہے ۔سانبہ کے بائیں اورگلیہرمیں سرحدی دیہات کے لوگوں کے مختلف وفودسے ملاقات کی۔انہوں نے سرحد کے نزدیک لوگوں کی نقل مکانی کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں کے لوگ کب تک مشکلات جھیلتے رہیں گے۔ستونت کورڈوگرہ نے مرکزی اور ریاستی سرکاروں سے مطالبہ کیاکہ وہ نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی قیام و طعام کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے اور آر پار فائرنگ ، شلنگ ، گولہ بھاری سے جولوگ لقمہ اجل بن گئے ان کے لواحقین کو معقول مالی معاونت فوری طور پر فراہم کی جائے ۔ ستونت کورڈوگرہ نے کہاکہ مرکزی حکومت عام آدمی کی مشکلات کوسمجھنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔انہوں نے ریاستی پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت کوتنقیدکانشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت امن بحالی کے کھوکھلے دعوے کرتی رہتی ہے لیکن زمینی سطح پرسرحدوں پرحالات انتہائی کشیدہ ہیں جس کیلئے ریاستی اورمرکزی حکومت ذمہ دارہے۔انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت نے کبھی سرحدی لوگوں کوبنکربناکرمحفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ سرحدی لوگوں سے پی ڈی پی ۔بی جے پی نے جووعدے کئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں کئے گئے ہیں۔دورے کے دوران ستونت کورڈوگرہ نے گولہ باری میں جان بحق ہوئے آٹھ سالہ بچے کرشناکے گھرجاکرلواحقین کے ساتھ تعزیتی کابھی اظہارکیا۔