ادہم پور //گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول ادہم پور میں ایک پروگرام کے دوران سابقہ ممبراسمبلی کو بطور مہمان خصوصی دعوت دئیے جانے کے سلسلہ میں نیشنل پنتھرز پارٹی کے کارکنوں نے منتظمین کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے سکول پرنسپل کا پتلا نذر آتش کیا ۔مظاہرین نے سکول انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازمین تعلیمی ودیگر اداروں میں سیاست کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں ۔اپنے خطاب میںپارٹی یوتھ لیڈر ٹرینٹر سنگھ نے کہاکہ اسمبلی کے تحلیل ہو نے کے بعد بھی سرکاری محکموں کی جانب سے سابقہ ممبران اسمبلی کو پروگرموں میں بطور مہمان خصوصی دعوت دینے کے علا وہ کئی ایک پروجیکٹوںودیگر تعمیراتی کاموں کا افتتاح بھی کروایا جارہاہے جوکہ قانون کے خلاف ہے ۔انہوں نے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول ادہم پورکے پرنسپل پر مبینہ طورپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کئی مرتبہ سکول میں منعقد ہو نے والے پروگراموں میں سابقہ ممبراسمبلی کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی ہے ۔موصوف نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں سیاست کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔مظاہرین نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلہ میں حکم جاری کیا جائے تاکہ تعلیمی اداروں کو سیاست کے فروغ کیلئے استعمال نہ کیا جاسکے ۔