جموں//پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمارچودھری کی صدارت میںصنعت و حرفت، اعلیٰ تعلیم، ٹرانسپورٹ اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکموں کی الگ الگ میٹنگیں منعقد کیں ۔ اس دوران2019-20 بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سریتا چوہان، سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شیخ افیاض احمد اور دیگر کئی افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی جبکہ سرینگر سے کئی دیگر افسروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ان محکموں کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کے علاوہ اگلے مالی سال کی ضروریات کا جائیزہ لیا گیا۔متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے ان محکموں کے بنیادی ڈھانچے اور کام کاج میں بہتری لانے کے لئے اپنی آراء دیتے ہوئے بجٹ تجاویز پیش کیں۔اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری کو جاری پروجیکٹوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔پری بجٹ بحث و مباحثے کے دوران پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ بجٹ منصوبے کی تیاری کے دوران غیر ضروری اخراجات پر قابو پائیں۔انہوں نے ریاست کی تعمیر و ترقی کے لئے مثبت تجاویز پیش کرنے اور ڈی پی آر کو انتظامی منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت دی۔صنعت وحرفت محکمہ کے بجٹ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نوین کمار چودھری نے ریاست کی اقتصادی حالت میں مزید بہتری لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا۔انہوں نے اس محکمہ کے ذریعے ریاست کے بے روز گار نوجوانوں کو روز گار کے وسائل مہیا کرنے کی تلقین کی۔آئندہ کی ضروریات کے تعلق سے پیش کی گئی تجاویز کا جواب دیتے ہوئے نوین کمار نے کہا کہ حکومت ریاست میں صنعتی کلچر کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے صنعتی مزاج کو فروغ دینے کے لئے نوجوانوں کو صنعتوں اور کارخانہ داری کی جانب راغب کرنے پر زور دیتے ہوئے صنعتی بستیوں کے موثر رکھ رکھاؤ پر زور دیا۔انہوں نے صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے محکمہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبۂ کی مزید ترقی کے لئے تمام تجاویز پر غور کیا جائے گا۔اعلیٰ تعلیم محکمہ کی بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نوین چودھری نے محکمہ کے کمشنر سیکرٹری اور ڈائریکٹر کالجز کو ہدایت دی کہ وہ اس محکمہ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں دستیاب سہولیات میں بہتری لانے کے اقدامات کریں۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے تعلیم کے معیارمیں بہتری لانے پر بھی زور دیا۔نوین کمار چودھری نے اعلیٰ تعلیم محکمہ کے افسروں سے کہا کہ وہ کالجوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کھیل کود کے ڈھانچے کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کے لئے مسلسل بنیادوں پر تعلیمی دوروں کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔ٹرانسپورٹ اور سائنس و ٹیکنالوجی محکموں کی بجٹ تجاویز پر بھی میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا۔نوین کمار چودھری نے کہا کہ ٹرانسپورٹ محکمہ کو منافع بخش بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔