عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اکنامک آفنس ونگ کشمیر نے ایک کروڑ 4 لاکھ 48 ہزار 141 روپے کے مبینہ کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) قرض گھپلے میں چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی ہے۔بیان کے مطابق ایف آئی آر نمبر 20/2018کے تحت درج مقدمے میں چارج شیٹ ایڈیشنل اسپیشل جج اینٹی کرپشن سرینگر کی عدالت میں داخل کی گئی ہے۔ مقدمہ تعزیراتِ رنبیر کی دفعات 420، 467، 468، 471، 409، 201 اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2) کے تحت درج کیا گیا تھا۔ملزم کی شناخت رؤف محمد وانی ولد مرحوم محمد اکبر وانی، ساکن ہنجورہ چاڈورہ، ضلع بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔
تفتیش کے مطابق ملزم نے جے اینڈ کے بینک کے بزنس یونٹ دادہ اومپورہ، چاڈورہ میں ڈیلی ویجر کے طور پر کام کرتے ہوئے صارفین کے کھاتوں سے غیر مجاز لین دین، کے سی سی قرض کی حد میں غیر قانونی اضافہ اور بینکنگ اسناد کے غلط استعمال کے ذریعے ایک کروڑ 4 لاکھ 48 ہزار 141 روپے کا غبن کیا۔ای او ڈبلیو کے مطابق ملزم نے صارفین کے کھاتوں سے رقوم نکال کر انہیں اپنے اور اپنے اہل خانہ کے فائدے کے لیے استعمال کیا، جس سے بینک کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔کرائم برانچ نے بتایا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے تاکہ مقدمے کی قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔