عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کل ضلع بڈگام میں محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ان کے حلقہ اِنتخاب چرارِ شریف پر خصوصی توجہ دی گئی۔انہوں نے جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقیاتی فوائد عوام تک بغیر کسی تاخیر کے پہنچ سکیں۔راتھر نے چرارِ شریف حلقے انتخاب سے متعلق کئی اہم مسائل کی جانب اِنجینئروں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ عوامی مفاد کے وسیع تر تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ تمام جاری کاموں کی رفتار میں تیزی لائی جائے اوراس بات کو یقینی بنائے کہ وہ مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔اُنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کام میں اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اقدامات کا مقصد چرارِ شریف کے لوگوں کے لئے حقیقی فوائد اور بہتر عوامی سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے۔