حسین محتشم +سمت بھارگو
پونچھ +راجوری// سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد فوج کی مختلف فارمیشنیں ریسکیو، امدادی اور بحالی کے کاموں میں مسلسل مصروف ہیں۔ فوج نے کہا ہے کہ وائٹ نائٹ کور کے جوانوں نے ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں عوام کی مدد، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔فوج کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وائٹ نائٹ کور کی ٹیموں نے شدید بارش، اچانک آنے والے سیلاب اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے بعد مختلف مقامات پر بروقت کارروائی کی، جس سے عوام کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی۔ فوج کے مطابق ان کارروائیوں نے مشکل حالات میں مقامی آبادی کی خدمت کے عزم کا ایک بار پھر اظہار کیا ہے۔بیان کے مطابق پونچھ کے جڑاں والی گلی علاقے میں واقع پی ایم شری جواہر نوودیہ ودیالیہ کی حفاظتی دیوار منہدم ہو کر سڑک کنارے کھڑی کئی گاڑیوں پر گر گئی، جس سے نہ صرف گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں بلکہ قومی شاہراہ 144-اے پر آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی وائٹ نائٹ کور کے جوان موقع پر پہنچے اور خصوصی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹایا، پھنسے ہوئے گاڑیوں کو نکالا اور مقامی لوگوں کی مدد کی۔ فوج کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں قومی شاہراہ پر ٹریفک جلد بحال کر دی گئی اور مسافروں کو مزید مشکلات سے بچایا گیا۔ایک اور کارروائی میں پونچھ کے کھڑی کرماڑہ علاقے کے قریب شدید بارش اور طغیانی کے باعث ایک اہم پل کو نقصان پہنچا، جس سے مقامی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ فوجی جوانوں نے 79 آر سی سی (بارڈر روڈز آرگنائزیشن) اور مقامی باشندوں کے اشتراک سے ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام شروع کیا۔ خراب موسم اور دشوار گزار حالات کے باوجود صرف تین گھنٹوں میں متاثرہ رابطہ بحال کر دیا گیا، جس سے علاقے کے لوگوں کا زمینی رابطہ دوبارہ قائم ہو گیا اور ضروری نقل و حرکت ممکن ہو سکی۔فوج نے کہا کہ یہ کارروائی سول انتظامیہ، بارڈر روڈز آرگنائزیشن اور فوج کے درمیان مؤثر تال میل کی ایک بہترین مثال ہے، جس کے ذریعے معمولات زندگی جلد بحال کرنے کی مشترکہ کوشش کی گئی۔ادھر پونچھ کے دارہ سنگلہ علاقے میں اچانک آنے والے سیلاب کے باعث لوہے کا ایک پل بہہ جانے سے پورا گاؤں دنیا سے کٹ گیا تھا اور متاثرہ افراد کو طبی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں تھی۔ اس صورتحال میں بھارتی فوج کی میڈیکل ٹیم نے عارضی لکڑی کے پل کے ذریعے سیلابی نالہ عبور کرکے گاؤں تک رسائی حاصل کی۔ وہاں پہنچ کر ٹیم نے فوری طبی معائنہ (ٹریاج) کیا، زخمی شہری کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور خواتین، بچوں سمیت دیگر دیہاتیوں میں ضروری ادویات تقسیم کیں۔ فوج کے مطابق بروقت طبی امداد سے زخمی کی حالت مستحکم ہوئی اور مزید طبی پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔بیان میں کہا گیا کہ ان تمام کارروائیوں سے بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور انسانی خدمت کے جذبے کا عملی مظاہرہ ہوا۔ فوجی جوانوں نے فوری ریسکیو، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور طبی امداد کے ذریعے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا، متاثرہ علاقوں میں اہم رابطے بحال کیے اور ضرورت مند خاندانوں کی بروقت مدد کی۔ فوج کے مطابق ان مشترکہ کوششوں سے بھارتی فوج، سول انتظامیہ اور مقامی عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوطی ملی ہے۔