منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کے راجدھانی علاقہ میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے قائم کردہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی دنوں سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کا صاف پانی ہی دستیاب نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ راجدھانی تا سرالہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی دنوں سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے تین پنچایتوں میں پانی کی سپلائی مکمل طورپر بند ہو چکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لفٹ سکیم میں آئی خرابی کے سلسلہ میں ایک ماہ سے متعلقہ محکمہ و ملازمین کو اطلاع فراہم کی گئی ہے لیکن ابھی تک اس کی مرمت ہی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی سرپنچ تصدق حسین نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے کچھ دن قبل سکیم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم ایک گھنٹے تک چلنے کے بعد سکیم دوبارہ سے خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عوامی مشکل جوں کی توں ہی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین و معززین نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کو جلد از جلد ٹھیک کیا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صا ف پانی دستیاب ہو سکے ۔