پونچھ//پونچھ ضلع کے گائوں کلائی میں دریا کے قریب رہنے والے ایک پورے محلہ کو دریاکی طغیانی سے خطرہ لاحق ہے ۔اس محلہ کے لوگوں کوسال میں کئی مرتبہ اجڑناپڑتاہے اور وہ کئی مرتبہ بستے ہیں ۔گائوں کلانی میںحالیہ سیلاب کے دوران تقریباً17افراد کو بڑی ہی مشکل سے بچایا گیا تھا۔2014 میںآئے سیلاب کے بعد بھی اس وقت کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کلانی کا دورہ کیا تھااور ان لوگوں کو ہر قسم کی امداد دینے کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن مقامی لوگوں کاکہناہے کہ انہیں آج تک کوئی امداد ملی نہ ہی زندگی کا تحفظ حاصل ہے ۔محلہ کے لوگوںنے محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ2014کے بعد سے اگر محکمہ کے ریکارڈ دیکھے جائیں تو ان میں پختہ باندھ اور کریٹ کے لئے لاکھوں روپے کے کام ہوئے ہیں لیکن زمینی سطح پر کہیں کچھ نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی حفاظت کی خاطر ہر جگہ گئے مگر کسی نے کوئی توجہ نہیںدی اور پھر سے برساتی موسم میں انہیں تباہی کا خطرہ لاحق ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور حکومت سے مانگ کی ہے کہ انہیں محفوظ مقامات پر زمینیں الاٹ کی جائیں ۔